نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مہاراشٹر حکومت سے کہا ہے کہ وہ ریاست میں جلد از جلد نئے فوجداری قوانین کو مکمل طور پر نافذ کرے ۔ مسٹر شاہ نے آج یہاں مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کی موجودگی میں ریاست میں تین نئے فوجداری قوانین کے نفاذ پر ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں مہاراشٹر میں پولیس، جیل، عدالتوں، استغاثہ اور فارنسک سے متعلق مختلف نئی دفعات کے نفاذ اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ مودی حکومت ہم وطنوں کو فوری اور شفاف انصاف کا نظام فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے جرائم کا اندراج ضروری ہے ، اس لیے ایف آئی آر درج کرنے میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں جلد از جلد نئے فوجداری قوانین نافذ کئے جانے چاہئیں۔مسٹر شاہ نے کہا کہ مہاراشٹر کو نئے فوجداری قوانین کے مطابق ایک مثالی ڈائریکٹوریٹ آف پراسیکیوشن سسٹم بنانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ 7 سال سے زائد سزا والے مقدمات میں 90 فیصد سے زیادہ سزا کے حصول کے لیے کوششیں کی جانی چاہئیں اور پولیس، سرکاری وکلاء اور عدلیہ کو مل کر مجرموں کو جلد از جلد سزا دلوانی چاہیے ۔
وزیر داخلہ نے ایک بار پھر زور دیا کہ سینئر پولیس افسران کو منظم جرائم، دہشت گردی اور موب لنچنگ کے معاملات کی باقاعدگی سے نگرانی کرنی چاہئے تاکہ ان جرائم سے متعلق دفعہ کا غلط استعمال نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں، سرکاری اسپتالوں، بینکوں، فارنسک سائنس لیبارٹریز وغیرہ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شواہد ریکارڈ کرنے کا نظام ہونا چاہیے ۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ ایسا نظام بنایا جانا چاہئے جس میں جرم اور مجرمانہ ٹریکنگ نیٹ ورکس اور سسٹم کے ذریعے ایف آئی آر کو دو ریاستوں کے درمیان منتقل کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا کو اس نظام کو اپنانا چاہئے ۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ پولیس کو الیکٹرانک ڈیش بورڈ پر پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیے گئے لوگوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنی چاہیے ۔ انہوں نے تھانوں میں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر پولیس سب ڈویژن میں فارنسک سائنس موبائل وین کی دستیابی کو یقینی بنایا جانا چاہئے ۔ فارنسک ماہرین کی بھرتی پر زور دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے فارنسک ڈیپارٹمنٹ میں خالی آسامیوں پر فوری طور پر بھرتی کو یقینی بنانے کو کہا۔
وزیر داخلہ نے مہاراشٹر حکومت سے کہا کہ وہ ریاست کے فنگر پرنٹ شناختی نظام کو قومی نظام کے ساتھ مربوط کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نئے فوجداری قوانین کی دفعات کے مطابق مجرموں سے برآمد کی گئی جائیداد کو اس کے حقیقی مالک کو واپس کرنے کے انتظامات کرے ۔ وزیر داخلہ نے تھانوں کی تزئین کاری پر بھی زور دیا۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کو چاہئے کہ وہ ریاست میں نئے فوجداری قوانین کے نفاذ کا پندرہ روزہ جائزہ لیں اور چیف سکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کو ہفتہ وار اس کا جائزہ لینا چاہئے ۔
میٹنگ میں مرکزی داخلہ سکریٹری، مہاراشٹر کے چیف سکریٹری اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل، پولیس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ بیورو کے ڈائریکٹر جنرل، نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے ڈائریکٹر جنرل اور مرکزی وزارت داخلہ اور ریاستی حکومت کے کئی سینئر افسران نے شرکت کی۔