جموں//
فوج نے جمعرات کو کہا کہ جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دوطرفہ جنگ بندی ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان مفاہمت کے مطابق برقرار ہے۔
اس سے ایک دن قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستانی فوج نے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں پونچھ ضلع میں ایل او سی پر بلا اشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جوابی فائرنگ میں پاک فوج کو جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
جمعرات کے روز ہندوستانی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایل او سی پر جنگ بندی برقرار ہے اور دونوں افواج (ہندوستان اور پاکستان) کے درمیان مفاہمت کے مطابق اس پر عمل جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا’’ ایل او سی کے آر پار فائرنگ اور ایل او سی پر ہمارے ایک پی ٹی ایل پر مشتبہ آئی ای ڈی دھماکے کی وجہ سے پیدا ہونے والی کشیدگی سے طے شدہ میکانزم کے ذریعے نمٹا جا رہا ہے۔ بھاری ہتھیاروں کا کوئی تبادلہ نہیں ہوا ہے۔ ایل او سی پر معمولی واقعات بے مثال نہیں ہیں، مناسب سطح پر پاک فوج کو تشویش کا اظہار کیا گیا ہے‘‘۔
فوج نے کہا کہ صورتحال مستحکم ہے اور اس پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج انتہائی چوکس ہے اور ایل او سی پر حاوی ہے۔
بتادیں کہ سال۲۰۲۱میں انڈیا اور پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر جنگ بندی کا اعلان کیا تھا ۔ جنگ بندی کا اعلان دونوں ممالک کی فوجوں کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او) کے درمیان بات چیت کے بعد کیا گیا تھا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سال۲۰۲۱میں ہندوستان اور پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان بات چیت کے بعد جنگ بندی معاہدہ طے پایا تھا۔اس سے قبل بھی دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی ہوچکی ہے اور یہ طویل عرصے تک برقرار بھی رہی۔
۲۰۰۳کے بعد ایک طویل عرصے تک سرحدوں پر امن رہا۔جموں و کشمیر کی سرحد کے ساتھ سال۲۰۲۰میں سیز فائر کی پانچ ہزار ۱۳۳بار خلاف ورزیاں ہوئیں جو کہ۲۰۱۹میں میں ہونے والی تین ہزار ۴۷۹خلاف ورزیوں سے۵ء۴۷فیصد زیادہ تھیں۔
دریں اثنا فوج کی وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا نے جموںکشمیر کے ضلع کشتواڑ کے اگلے علاقوں کا دورہ کرکے تازہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔
فوجی کمانڈر نے ضلع میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کی۔
یہ جانکاری وائٹ نائٹ کور نے جمعرات کے روز’ایکس‘پر ایک پوسٹ کے ذریعے فراہم کی۔
فوج نے پوسٹ میں کہا’’وائٹ نائٹ کور کے جی او سی نے سیکورٹی صورتحال اور مخالفانہ سرگرمیوں کے بارے میں آپریشنل اپ ڈیٹ کے لیے کشتواڑ کے اگلے علاقوں کا دورہ کیا‘‘۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ جی او سی نے تمام رینکوں کو ان کی چوکسی اور انتھک آپریشنل توجہ کیلئے تعریف کی۔انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ تمام ہنگامی حالات کے لیے تیار رہیں۔