دبئی//جنوبی افریقہ کی بلے باز لارا گڈال اور کپتان سن لوس نے ڈبلن میں آئی سی سی خواتین چیمپئن شپ سیریز کے اپنے پہلے میچ میں آئرلینڈ کو نو وکٹ سے شکست دے کر آئی سی سی خواتین کی ون ڈے پلیئر رینکنگ میں سبقت حاصل کرلی۔
بائیں ہاتھ کی بلے باز گڈال نے ناٹ آوٹ 32 رنز بنانے کے بعد بلے بازوں میں نو مقام کی چھلانگ لگا کر58ویں پوزیشن حاصل کی ۔ دوسری جانب آل راؤنڈر لوس نے اپنی لیگ اسپن گیندبازی سے 16 رنز پر تین وکٹیں حاصل کیں اور گیندبازوں کی فہرست میں سات پائیدان آگے بڑھ کر 39 واں مقام حاصل کیا ۔
اس کے علاوہ، گڈال کے ساتھ 55 رنز کی ناقابل شکست شراکت داری کرتے ہوئے ناٹ آوٹ 21 رن کی اننگ کھیلنے والی سلامی بلے باز اینڈری اسٹین نے منگل کے روز خواتین کھلاڑیوں کی درجہ بندی کی تازہ ترین ہفتہ وار اپ ڈیٹ میں مشترکہ 83 ویں نمبر پر جگہ بنائی۔آئرلینڈ کے نئے گیند باز جین میگوائر چار درجے کے فائدے کے ساتھ مشترکہ طور پر 83ویں نمبر پر ہیں۔
جنوبی افریقہ نے ڈبلن میں جیت کے ساتھ آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے پہلے دو پوائنٹس حاصل کر لیے۔ چیمپئن شپ کی ابتدائی سیریز میں سری لنکا کے خلاف دو-ایک سے جیت کے بعد پاکستان کے اس وقت چار پوائنٹس ہیں جبکہ سری لنکا کے دو پوائنٹس ہیں۔