سرینگر//
صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے لوگوں کو یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شریک ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان تقریبات میں شریک ہونے کے لئے کسی پاس کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔
بدھوری نے کہا کہ ان تقریبات کے احسن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔
صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
بدھوری نے کہا’’ان تقریبات میں لوگ ہمیشہ شریک ہوتے ہیں اور لوگوں کو ان تقریبات میں شرکت کرنی بھی چاہئے‘‘۔ان کا کہنا تھا’’ان میں شرکت کرنے کیلئے کسی پاس کی کوئی ضرورت نہیں ہے صرف شناختی کارڈ ساتھ ہونا چاہئے ‘‘۔
صوبائی کمشنر نے لوگوں سے کہا کہ وہ وقت پر آئیں تاکہ انہیں بیٹھنے کے لئے اچھی جگہ مل سکے ۔
سیکورٹی کے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا’’جو ضروری انتظامات ہیں ان کو کیا گیا ہے ، میں لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آرام سے آئیں اور ان تقریبات میں شرکت کریں‘‘۔
بدھوری کا کہنا تھا’’لوگوں کے نام میرا یہی پیغام ہے کہ وہ اس تہوار پر تقریبات میں جائیں۔‘‘
اس دوران انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر وی کے بردی کا کہنا ہے کہ کشمیر میں یوم جمہوریہ کی تقریبات کی جگہوں پر کثیر سطحی حفاظتی انتطامات کو حتمی شکل دی گئی ہے ۔
بردی نے لوگوں سے ان تقریبات میں شرکت کرنے کی دعوت دی۔
آئی جی پی کشمیر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
بدری نے کہا’’یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت کرنے والے لوگوں کیلئے موثر حفاظتی انتظامات کئے جا رہے ہیں‘‘۔
آئی جی ی کشمیر کا کہنا تھا’’یوم جمہوریہ کی تقریبات کی جگہوں پرٹکنالوجی کی مدد سے کثیر سطحی حفاظتی انتظامات پورے کشمیر میں کئے گئے ہیں‘‘۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ان تقریبات میں شرکت کریں۔
ایک سوال کے جواب میںبردی نے کہا’’پولیس کے اپنے ایس او پیز ہوتے ہیں اور جن کا ریکارڈ ٹھیک نہیں ہوتا ہے ان کی نگرانی ہوتی اور قانونی طریقہ کار کے مطابق کارروائی ہوتی ہے‘‘۔
بردی نے کہا کہ جو عادی مجرم ہوتے ہیں وہ قانون کی نظروں سے نہیں بچتے ہیں اور پولیس کو جو ان پپٹس موصول ہوتے ہیں ان پر فوری کارروائی انجام دی جاتی ہے ۔