جموں//
جموںکشمیر حکومت نے اِنتظامی کارکردگی کو بڑھانے کی سمت میں ایک اہم قدم اُٹھاتے ہوئے جموں کشمیر اِکنامکس اینڈ سٹیٹسٹکس (گزٹیڈ) سروس (جے کے اِی ایس ایس) کے۳۸اِنچارج ڈپٹی ڈائریکٹروں کو ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر مستقل کیا ہے۔
محکمہ منصوبہ بندی ، ترقی و نگرانی کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق محکمہ جاتی پروموشن کمیٹی،جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کی سفارشات کے مطابق اِن افسران کو۲۱؍ نومبر۲۰۲۳ ء سے پے لیول۱۱ (۲۸۰۷۰۰۔۶۷۷۰۰میں مستقل کیا گیا ہے۔
سیکرٹری محکمہ منصوبہ بندی، ترقی و نگرانی ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کہا کہ یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے اِنتظامی ڈھانچے کو آسان کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے کہ تجربہ کار افسران کو ان کی خدمات کے اعتراف میں تسلیم کیا جائے۔
چودھری نے مزید کہا کہ یہ قدم محکمہ کو مزید مستحکم کرے گا اور اسے بہتر خدمات فراہم کرنے کے قابل بنائے گا اورڈیٹا پر مبنی بصیرت سے پالیسی سازی میں اہم رول اَدا کرے گا۔
سیکرٹری نے افسران کو ان کی نئی حیثیت میں کامیاب مدت ملازمت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ اپنے بڑھتے ہوئے کردار اور ذمہ داریوں میں نمایاں رول اَدا کریں۔