نیلسن (نیوزی لینڈ//) کوسل پریرا کی طوفانی سنچری (101)، چریت اسالنکا (تین وکٹ) اور وینندو ہسرنگا (دو وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت جمعرات کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو سات رن سے شکست دی۔ تاہم نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز 2-1 سے جیت لی۔ کوسل پریرا کو ان کی طوفانی سنچری پر ’پلیئر آف دی میچ‘ اور سیریز میں آٹھ وکٹ لینے والے نیوزی لینڈ کے باؤلر جیکب ڈفی کو ’پلیئر آف دی سیریز‘ سے نوازا گیا۔
سری لنکا کے 218 رن کے جواب میں نیوزی لینڈ کی اوپننگ جوڑی ٹم رابنسن اور راچن رویندر نے عمدہ آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 81 رن جوڑے۔ آٹھویں اوور میں بی فرنینڈو نے ٹم رابنسن (37) کو آؤٹ کر کے اس شراکت داری کو توڑا۔ اس کے بعد چرت اسالنکا نے مارک چیپ مین (نو) اور گلین فلپس (چھ) کو آؤٹ کرکے نیوزی لینڈ کو دو دھچکے دیئے۔ 13ویں اوور میں اسلنکا نے راچن رویندر کو بولڈ کر کے سری لنکا کو چوتھی کامیابی دلائی۔ راچن رویندر نے 39 گیندوں میں پانچ چوکے اور چار چھکے لگاتے ہوئے 69 رن کی اننگز کھیلی ۔ ہسرنگا نے 16ویں اوور میں مچل ہی (آٹھ) کو بولڈ کیا۔اسی اوور میں انہوں نے مائکل بریسویل (ایک) کو بھی اپنا شکار بنایا۔ سری لنکا کے لئے ساتویں اہم وکٹ نووان تشارا نے ڈیرل مچل کو آؤٹ کیا۔ ڈیرل مچل نے 17 گیندوں پر ایک چوکا اور چار چھکے لگا کر 35 رن بنائے۔ مچل سینٹنر (14) اور جیکری فاکس (21) رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں پر صرف 211 رن بنا سکی اور سات رن سے میچ ہار گئی۔
سری لنکا کی جانب سے چرت اسالنکا نے تین اور وینندو ہسرنگا نے دو وکٹ حاصل کئے۔ نووان تشارا اور بی فرنینڈو نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والی سری لنکا کی شروعات اچھی نہیں تھی اور اس نے 24 کے اسکور پر پیتھم نسانکا (14) کی صورت میں اپنا پہلا وکٹ گنوادیا۔ وہ میٹ ہنری کے ہاتھوں وکٹ کیپر مچل ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد پانچویں اوور میں مچل سینٹنر نے کوسل مینڈس کو بریس بیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ کوسل مینڈس نے 16 گیندوں میں (22) رنز بنائے۔ سری لنکا کا تیسرا وکٹ اویشکا فرنینڈو (17) کی صورت میں گرا۔ وہ جیکب ڈفی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے کوسل پریرا اس دوران ایک سرے پر ڈتے رہے۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان چرت اسالنکا نے کوسل پریرا کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چوتھے وکٹ کے لیے 100 رنز کی شراکت داری ہوئی۔ دونوں نے دھماکہ خیز بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور تیزی سے رن بنائے۔ 17ویں اوور میں جیکری فاکس نے چرت اسلنکا کو آؤٹ کرکے اس شراکت داری کو توڑا۔ چرت اسلنکا نے 24 گیندوں پر 46 رن کی اننگز کھیلی جس میں ایک چوکا اور پانچ چھکے شامل تھے۔ ڈیرل مچل نے کوسل پریرا کو 19ویں اوور میں آؤٹ کیا۔ کوسل پریرا نے 46 گیندوں پر 13 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 101 رن کی سنچری اسکور کی۔ ٹی ٹوئنٹی میں یہ ان کی پہلی بین الاقوامی سنچری ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹی 20 میں اپنے دو ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔ سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 218 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری، جیکب ڈفی، جیکری فاکس، مچل سینٹنر اور ڈیرل مچل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔