سرینگر//
محکمہ موسمیات نے بدھ کو پیش گوئی کی ہے کہ۴ جنوری۲۰۲۵ تک جموں کشمیر میں کوئی خاص موسمی سرگرمی نہیں ہوگی۔ تاہم اس کے ساتھ ہی جموں کشمیر کے الگ تھلگ اور اونچے علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ اگلے دو دنوں کے دوران جموں و کشمیر میں الگ الگ مقامات پر سردی کی لہر جاری رہے گی۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ ۲۵سے ۲۶ دسمبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ۲۷ سے ۲۸ تک جموں کے میدانی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے اور وادی چناب اور پیر پنجال رینج کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ ۲۹ سے۳۱ دسمبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ یکم سے ۲جنوری تک عام طور پر ابر آلود رہے گا اور کچھ مقامات پر ہلکی برف باری ہوگی جبکہ ۳سے ۴جنوری تک جموں و کشمیر کے الگ الگ مقامات پر ہلکی برف باری کے ساتھ موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
عہدیدار نے کہا کہ آئندہ دو روز کے دوران دور دراز مقامات پر سردی کی لہر جاری رہنے کا امکان ہے، اہم گزرگاہوں اور اونچے علاقوں پر درجہ حرارت کم ہونے اور برفانی حالات کے پیش نظر سیاحوں، مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ پریشانی سے بچنے کیلئے انتظامیہ اور محکمہ ٹریفک کی ہدایات پر عمل کریں۔
اس دوران گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۳ء۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۶ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۶ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔وادی کے دوسرے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۴ء۸ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۸ء۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وسطی کشمیر میں واقع سیاحتی مقام سونہ مرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۵ء۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۵ء۸ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۴ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔
قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۶ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
جنوبی کشمیر کے شوپیاں، پلوامہ، اننت ناگ اور کولگام اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی۱ء۹ڈگری سینٹی گریڈ، منفی۱ء۹ڈگری سینٹی گریڈ، منفی۰ء۹ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی۳ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ اور بانڈی پورہ اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی۱ء۶ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی۲ء۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں شبانہ درجہ حرارت بالترتیب منفی۸ء۷ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی۹ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
لداخ کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۶ء۱۲ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۰ء۱۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔
ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے کے باعث آبی ذخائر اور گھروں میں نصب نلوں کے جم جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے جس کی وجہ سے اہلیان وادی کو صبح کے وقت پانی کی شدید قلت سے دوچار ہونا پڑتا ہے ۔