سرینگر//
جموںکشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر کے ناو پور ہ اور شمالی ضلع بارہ مولہ کے کریری علاقے میں لوگوں نے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف دھرنا دیا۔
مظاہرین نے الزام لگایا کہ سرکاری لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ثابت ہو چکی ہے ۔
ا طلاعات کے مطابق سرینگر کے ناو پورہ علاقے میں پیر کی صبح خواتین کی ایک بڑی تعداد نے لالچوک صورہ شاہراہ پر دھرنا دیا جس وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو کررہ گئی۔
مظاہرین نے الزام لگایا کہ پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے نتیجے میں لوگوں کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مقامی ممبر اسمبلی علی محمد ساگر کو بھی اس بارے میں جانکاری فراہم کی گئی لیکن لوگوں کی آواز صدا بہ صحرا ثابت ہورہی ہے ۔
مظاہرین کے مطابق ہم نے یہ سوچ کر نیشنل کانفرنس کے امیدواروں کو کامیاب بنایا تاکہ وہ لوگوں کے مسائل حل کر سکے لیکن پانی اور بجلی جیسے معمولی مسائل کو بھی موجودہ سرکار حل کرنے سے قاصر نظر آرہی ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سردی کے ان ایام میں لوگوں کو بنیادی سہولیات کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔
نامہ نگار نے بتایا کہ پولیس اور پی ایچ ای کے آفیسران جائے موقع پر پہنچے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ معاملہ اعلیٰ حکام کی نوٹس میں لایا جائے گا جس کے بعد احتجاج کرنے والے پر امن طوپر منتشر ہوئے ۔
دریں اثنا شمالی ضلع بارہ مولہ کے کریری علاقے میں بھی پیر کی صبح لوگوں نے پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کیا۔
مظاہرین نے کہاکہ موجودہ سرکار لوگوں کے مسائل حل کرنے میں ناکام ثابت ہو چکی ہے ۔