کچھ باتوں کو نہ سمجھنا ہی بہتر ہے… اس لئے بہتر ہے کیوں کہ یہ ایسی باتیں ہو تی ہیں… جو لاکھ کوششوں کے باوجود بھی آپ کی سمجھ میں نہیں آتی ہیں… نہیں آئیں گی … گرچہ انہیں سمجھنا اتنا بھی مشکل معلوم نہیں ہو تا ہے… لیکن پھر بھی یہ آپ کی سمجھ میں نہیں آ تی ہیں … ہمسایہ ممالک کی اقلیتوں کو ملک میں پناہ اور شہریت دینے کا قانون موجودہ حکومت نے لایا… ملک بھر میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کی اس قانون کی مخالفت کے باوجود مودی حکومت نے اس قانون کو لایا … جسے اب نافذ کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں… اس قانون کے دفاع میں حکومت نے کہا … یہ کہا کہ یہ قانون ہمسایہ ممالک کی اقلیتوں کو اپنے ملک کے مظالم سے بچائے گا… انہیں تحفظ فراہم کرے گا …گرچہ اس قانون کا ابھی اطلاق نہیں ہوا ہے ‘ پھر بھی ہمسایہ ممالک سے آنے والے لوگوں… اقلیتوں کو ملک میں آنے پر تمام طرح کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں… حتیٰ کہ ان میں سے کئی ایک کو شہریت … ملک کی شہریت بھی دی جا رہی ہے… دیجئے جناب شوق سے دیجئے کہ ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے۔جموں میں روہنگیائی مسلمان اب کئی برسوں سے پناہ لئے ہو ئے ہیں… مٹھی بھر روہنگیائی پناہ گزینوں کوجموں سے نکال باہر کرنے کے مطالبے میں بی جے پی پیش پیش ہے…بی جے پی آئے روز سڑکوں پر نکل کر انہیں جموں سے نکال باہر کرنے کا مطالبہ کررہی ہے… انہیں قومی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دے رہی ہے… اور یہی ایک بات ہماری سمجھ میں نہیں آ رہی ہے… اور اس لئے نہیں آ رہی ہے کیونکہ روہنگیائی پناہ گزینوں کا تعلق ایک ہمسایہ ملک میانمار سے ہے… یہ پناہ گزین وہاں اقلیت میں ہیں‘ ان پر وہاں کی حکومت اور فوج کی جانب سے بے پناہ مظالم ڈھائے گئے… ان کی نسل کشی کی گئی ‘ ان کی املاک کو جلادیا گیا … اور یہ سب باتیں ‘ یہ سب مظالم بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہیں… اس لئے ہندوستان میں ان کا بھی خیر مقدم کیاجانا چاہئے تھا… انہیں بھی شہریت حاصل کرنے کے اہل قرار دیاجانا چاہئے تھا… جموں یا پھر ملک کے کسی دوسرے حصے میں ان کی موجودگی پر کوئی اعتراض نہیں ہو نا چاہئے تھا… کوئی احتجاج نہیں ہو نا چاہئے تھا… انہیں ملک کی سلامتی کیلئے خطرہ قرار نہیں دیا جانا چاہئے تھا… انہیں جموں اور ملک سے دھکیلنے کی باتیں نہیں ہو نی چاہئے تھیں… لیکن ہو رہی ہیں… اور اس لئے ہو رہی ہیں کہ … کہ یقینا ان کا تعلق ہمسایہ ملک سے ہے‘ یہ وہاں اقلیت میں ہیں‘ ان پر مظالم بھی ڈھائے جا رہے ہیں… لیکن یہ مسلمان بھی ہیں ۔ ہے نا؟