جموں//
لیفٹیننٹ گورنر ‘منوج سنہا نے آج کہا کہ جموں کشمیر کی تقدیر کا فیصلہ اس کے نوجوان کریں گے اور حکومت کے تمام ادارے انہیں بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔
ایل جی نے یہ بات آج راج بھون جموں میں شری کیلاش جیوتیش اور ویدک سنستھان ٹرسٹ کے ذریعہ شائع ہونے والے سالانہ ان ہاؤس میگزین’کرتاویہ مارگ‘ کے تیسرے ایڈیشن کے اجراء کے موقع پر کہی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مدیر اور اشاعت سے وابستہ تمام لوگوں کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے سنسکرت کے فروغ اور جموں و کشمیر میں قدیم علمی نظام پر تحقیق کیلئے اعلی معیار قائم کرنے کیلئے شری کیلک جیوتیش اور ویدک سنستھان ٹرسٹ کے تمام ممبروں کی کوششوں کی ستائش کی۔
سنہا نے کہا کہ جموں کشمیر کی تقدیر کا فیصلہ اس کے نوجوان کریں گے اور حکومت کے تمام ادارے انہیں بااختیار بنانے، ان کے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے مدد اور رہنمائی فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمیں جرأت، ہمدردی، قربانی اور بے لوث خدمت کے علم اور اقدار کے ذریعے اپنے نوجوانوں کی فکری صلاحیت کو بڑھانے اور ان کی شخصیت کو نکھارنے کی ضرورت ہے۔
شری کیلک جیوتیش اور ویدک سنستھان ٹرسٹ کے صدر مہنت روہت شاستری کی جانب سے شائع ہونے والی اس اشاعت میں سنسکرت کے مشہور اسکالرز اور نوجوان محققین کے متعدد تحقیقی مضامین شامل ہیں۔
اس موقع پر آر کے چھبر، پروفیسر شرت شرما، نگم گپتا، سنیل شرما، ونے اگروال اور ڈاکٹر سنجے شرما سمیت شری کیلکھ جیوتیش اور ویدک سنستھان ٹرسٹ کے ٹرسٹیز اور ممبران بھی موجود تھے۔
اس دوران لیفٹیننٹ گورنر نے دسویں جماعت کی طالبہ نندنی ڈبگوترا سے ملاقات کی اور اُن کی کتاب ’’فرام رورل روٹس ٹو اکیڈمک ایکسی لنس اینڈ سوشل ایڈووکیسی ‘‘کی ایک کاپی پر دستخط کئے۔
جموں کے بیر پور کے شیمفورڈ فیوچرسٹک سکول کی طالبہ اور اُبھرتی ہوئی مصنفہ نندنی نے کہا کہ اُنہوں نے اَپنی تحریر کے ذریعے لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت کے سفر کو قلمبند کرنے کی کوشش کی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے نندنی کو مُبارک باد دی اور مستقبل کی کوششوں کے لئے نیک خواہشات کا اِظہار کیا ۔
دریں اثنا صدرتریکوٹہ نگر ٹریڈرس ایسوسی ایشن جموں ابھینو آنند کی قیادت میں ایک وفد نے آج لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔