سرینگر//
منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے سرینگر پولیس نے انتہائی مطلوب منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے جیل منتقل کیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سرینگر پولیس نے بد نام زمانہ منشیات فروش عادل رشید بٹ عرف راج ٹینکر ولد عبدالرشید بٹ عرف ماما ساکن عثمان آباد بمنہ کی گرفتاری عمل میں لائی ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار منشیات فروش کے خلاف پولیس اسٹیشن شیر گڑھی ، بارہ مولہ اور بٹہ مالو پولیس تھانوں میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت متعدد کیس رجسٹر ہیں۔
سرینگر پولیس کی تیار کردہ ڈوزیئر کی بنیاد پر صوبائی کمشنر کشمیر سے نظر بندی کے باضابط احکامات حاصل کرنے کے بعد پولیس نے منشیات فروش کے خلاف پی آئی ٹی۔این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔
پولیس ترجمان کے مطابق مذکورہ منشیات فروش گرفتاری سے بچنے کی خاطر جموں اور دہلی میں روپوش تھا تاہم پولیس نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اسے ۶دسمبر کو حراست میں لے کر سینٹرل جیل سری نگر منتقل کیا ۔
دریں اثنا پولیس نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کو مطلع کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی سماج کے لئے ناسور بن چکی ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر ایک کو اپنا دست تعاون فراہم کرنا چاہئے ۔