سرینگر//
انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے انجمن کے سربراہ اور میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق کو ایک بار پھر اپنی رہائش گاہ میرواعظ منزل نگین میں نظر بند کرکے ان کی منصبی اور دینی فرائض کی ادائیگی پر پابندی عائد کئے جانے کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے اسکی مذمت کی ہے ۔
ایک بیان میں کہا گیاکہ میرواعظ پروگرام اور معمول کے مطابق جب جامع مسجد جانے کی تیار ی کررہے تھے تو انتظامیہ کی طرف سے انہیں باور کرایا گیا کہ وہ گھر میں نظر بند ہیں اور وہ جامع مسجد نہیں جاسکتے ۔
انجمن نے انتظامیہ کی طرف سے اس طرح کے اقدامات کو بلا جواز ،حد درجہ افسوسناک اور میرواعظ کی مذہبی آزادی سلب کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا اقدام مداخلت فی الدین کے مترادف ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ انتظامیہ کی جانب سے اس طرح کی کارروائی سے آج ایک بار پھر ان ہزاروں عقیدتمندوں اور نمازیوں جو شہر و گام سے مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کی ادائیگی اور میرواعظ کے وعظ و تبلیغ سے مستفید ہونے کیلئے آتے ہیں مایوسی پیدا ہو گئی اور انہوں نے ریاستی انتظامیہ کے ان بلا جواز اقدامات کو ناقابل قبول قرار دیا۔