تو صاحب کہنے والوں کاکہنا ہے کہ جوش کے ساتھ ساتھ ہوش رکھنا بھی ضروری ہے اور… اورسو فیصد ہے ۔لیکن صاحب ہمیں نہیںلگ رہاہے ‘ بالکل بھی نہیں لگ رہا ہے کہ … کہ اپوزیشن کی سمجھ میں یہ چھوٹی سی بات آرہی ہے… کہ اسے بھی جوش کے ساتھ ساتھ ہوش بھی رکھنا ہے … اگر اس کی اس نا سمجھ ‘ سمجھ میں یہ بات آگئی ہو تی تو… تو وہ مسلسل تین دنوں سے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی کو ہنگامے کی نذر نہیں کرتی… بالکل بھی نہیں کرتی… لیکن کیا کیجئے کہ … کہ اس کی عقل پر پردے پڑے گئے ہیں اور اسے لگتا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہنگامہ کرکے حکومت کو گھیر رہی ہے… اسے تنگ کررہی ہے… جب کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے… پارلیمنٹ میں مسلسل ہنگامہ آرائی کرکے اپوزیشن اصل میں حکومت کی ہی مدد کررہی ہے… اس کے ایجنڈا پر ہی کام کررہی ہے… اورسو فیصد کررہی ہے ۔پارلیمنٹ کے اجلاس کے موقع پر ہی ملک کے ایک بڑے کارو باری‘ گوتم اڈوانی پر امریکہ میں بدعنوانوں کے الزامات عائد کئے گئے… اس کے علاوہ اتر پردیش کے سنبھل میں ایک ۱۶ویں صدی کی ایک مسجد کو متنازعہ بنانے کی کوشش کے دوران ۴ لوگوں کی مو ت ہو ئی… منی پورہ میں زائد از ایک سال سے تشدد تھمنے کا نام نہیں لے رہے… بالکل بھی نہیں لے رہا ہے ۔اپوزیشن ‘ حکومت سے ان معاملات پر جواب چاہتی ہے… اور حکومت کو جواب دینے میں یقینا مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا کہ… کہ اڈانی کو حکومت کے قریب سمجھا جاتا ہے… سنبھل میں جو کچھ بھی ہوا ‘ اس کا دفاع کرنا بھی حکومت کیلئے مشکل تھا جبکہ منی پور امن قائم نہیں ہو پا رہا ہے… حکومت کو یقینا مشکل ہوتی… جواب دینے میں مشکل ہوتی … سو اپوزیشن اس کی مدد کو آئی… اور گزشتہ تین چار دنوں سے اس کی مدد کررہی ہے… پارلیمان کے دونوں ایوانوں کی کارروائی کو ہنگامہ آرائی کی نذر کرکے اس کی مدد کررہی ہے… جواب دینے کی نوبت نہ آنے میں اس کی مدد کررہی ہے اور… اور جواب نہ دینے کے حکومتی ایجنڈا پر کام کرکے اس کی مدد کررہی ہے اور… اور اس لئے کررہی ہے کیونکہ اپوزیشن جوش سے کام لے رہی ہے… ہوش سے نہیں ‘ بالکل بھی نہیں۔ ہے نا؟