نئی دہلی//
سپریم کورٹ نے ایمرجنسی کے دوران ہندوستانی آئین کے تمہید میں ’سوشلسٹ‘اور’سیکولر‘کے الفاظ کو شامل کرنے کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کو آج مسترد کر دیا۔
چیف جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس سنجے کمار کی بنچ نے کہا کہ متعلقہ رٹ درخواستوں پر مزید بحث اور فیصلے کی ضرورت نہیں ہے ۔ بنچ نے کہا’’ہم نے واضح کر دیا ہے کہ اتنے برسوں کے بعد اس طرح سے عمل کو روکا نہیں جا سکتا‘‘۔ بنچ نے یہ بھی واضح کیا کہ’سوشلزم‘اور’سیکولرازم‘کیا ہے اور اسے کیسے نافذ کیا جاتا ہے ، یہ حکومت کی پالیسی پر منحصر ہوگا۔
جسٹس کھنہ نے کہا کہ ۱۹۷۶میں ترمیم کے ذریعے دو لفظ’سوشلسٹ‘ اور ’سیکولر‘ بنائے گئے تھے اور حقیقت یہ ہے کہ آئین کو ۱۹۴۹ میں اپنایا گیا تھا، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔ سی جے آئی نے کہا کہ اگر پس منظر کی دلیلوں کو قبول کیا جاتا ہے تو اس کا اطلاق تمام ترامیم پر ہوگا۔
یہ درخواستیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بہ جے پی ) کے سینئر لیڈر سبرامنیم سوامی اور ایڈوکیٹ اشونی کمار اپادھیائے نے دائر کی ہیں۔
عدالت عظمیٰ نے۲۲نومبر کو کہا تھا کہ آئین میں۱۹۷۶کی ترمیم جس میں تمہید میں ’سوشلسٹ‘،’سیکولر‘اور’سالمیت‘کے الفاظ شامل تھے ، عدالتی نظرثانی سے مشروط ہے اور یہ نہیں کہاجاسکتا کہ ایمرجنسی کے دوران پارلیمنٹ نے جو کچھ بھی کیا تھا، بیکار تھا۔
بنچ نے پہلے یہ بھی کہا تھا کہ ایسے بہت سے فیصلے ہیں جن میں عدالت عظمیٰ نے کہا ہے کہ سیکولرازم بنیادی ڈھانچے کا حصہ ہے اور درحقیقت اسے بنیادی ڈھانچے کے ایک ناقابل تغیر حصے کا درجہ دیا گیا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ آنجہانی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے۲۵جون۱۹۷۵کو ہندوستان میں ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا جو۲۱مارچ۱۹۷۷تک نافذ رہا۔۱۹۷۶میں مرکز میں اندرا گاندھی کی حکومت کی طرف سے کی گئی۴۲ویں آئینی ترمیم کے تحت ’سوشلسٹ‘،’سیکولر‘اور’انٹیگریٹی‘کے الفاظ آئین کے تمہید میں شامل کیے گئے تھے ۔
اس ترمیم نے تمہید میں ہندوستان کی وضاحت کو ایک’خودمختار،جمہوری جمہوریہ‘سے ’خودمختار، سوشلسٹ، سیکولر‘ جمہوری جمہوریہ‘میں تبدیل کر دیا۔
دریں اثنا دستور ساز ہاؤس کے سینٹرل ہال میں منگل کو یوم آئین منایا جائے گا، جس میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گی۔
محترمہ مرمو صبح ۱۱بجے سینٹرل ہال پہنچیں گی، جہاں وزیر اعظم نریندر مودی، نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکڑاور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا ان کا استقبال کریں گے ۔
آئین کی تشکیل کے۷۵سال مکمل ہونے پر تقریب کے دوران ایک یادگاری سکہ جاری کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ آئین سازی کے ٹیبلوز پر ایک کتاب کا بھی اجرا کیا جائے گا ۔ پروگرام میں سنسکرت اور میتھلی زبانوں میں آئین کی کاپیاں جاری کی جائیں گی۔