سرینگر//
سیکورٹی فورسز نے اونتی پورہ میں لشکر طیبہ سے وابستہ سرگرم ملی ٹینٹ کو اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ۴۲آر آر‘۱۸۰ویںبٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے پنگلش ترال میں سرگرم ملی ٹینٹ ارشاد احمد چوپان ولد عبدالرحمن ساکن لرگام ترال کو دھر دبوچا ۔
ترجمان نے کہاکہ جامہ تلاشی کے دوران گرفتار ملی ٹینٹ کے قبضے سے پستول‘۱۸گولیوں کے راونڈ اور دو میگزین برآمد ہوئے ۔
پولیس ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ گرفتار ملی ٹینٹ جنوبی کشمیر میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے ۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ۲۴؍اکتوبر۲۰۲۴کو شوبھم کمار ساکن بنجور اتر پردیش پر فائرنگ کے واقعے میں اس کا ہاتھ رہا ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے یو ایل اے پی دفعات کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
اس دوران سیکورٹی فورسز نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں ملی ٹنٹوں کی ایک زیر زمین کمیں گاہ کا پردہ فاش کیا ہے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے شیکرو کیلر کے جنگلات میں لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیم ’دی ریزسٹنس فرنٹ‘کی ایک زیر زمین کمیں گاہ کا پردہ فاش کیا۔
ایک پولیس افسر نے کہا’’تلاشی آپریشن کے دوران اس جگہ سے اسلحہ و گولہ بارود اور کچھ چیزیں جیسے کمبل، کھانے پینے کی چیزیں اور ٹرنک بر آمد کئے گئے ‘‘۔
افسر نے کہا کہ اس کمیں گاہ کو استعمال کرنے والے ملی ٹنٹوں کی تلاش کیلئے علاقے میں وسیع پیمانے پر آپریشن جاری ہے ۔
ان کا مزید کہنا تھا’’اس خفیہ ٹھکانے کا پردہ فاش کرنا پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کی جانب سے خطے میں دہشت گردی کی کارروائیوں کو ناکام بنانے اور ختم کرنے کیلئے جاری کوششوں کا حصہ ہے ۔‘‘