تو صاحب کہا جارہا ہے… پی ڈی پی کے وحید پرہ کی ۳۷۰ پر اسمبلی میںپیش کی جانے والی قرار داد کو سیاست کہا جارہا ہے… اپنے وزیر اعلیٰ تو ایک قدم آگے چل کر اسے ’کمیرہ کیلئے‘ قرار دے رہے ہیں… اور صحیح قرار دے رہے ہیں… یقینا پرہ نے جو کیا وہ سیاست تھی‘ اس میں سیاست کے کچھ بھی نہیں تھا اور … اور یہ بھی سچ ہے کہ انہوں نے یہ ’کیمرہ ‘کیلئے کیا اور… اور سو فیصد کیا …لیکن صاحب پرہ سیاست دان ہیں ‘ وہ اسمبلی میں تھے … پہلی بار اسمبلی میں تھے… یو ٹی کی اسمبلی میں ہی سہی ‘ لیکن اسمبلی میں تو تھے اور… اور اسمبلی میں یہ جناب سیاست نہیں کریں گے تو… تو کہا کریں گے ؟ یہ جناب سیاستدان ہوکر سیاست نہیں کریں گے تو… تو اور کیا کریں گے ؟ ہر کوئی سیاستدان سیاست ہی کرتا ہے… سیاست کے سواوہ کچھ اور نہیں کرتا ہے… سو اگر پرہ نے بھی سیاست کی ‘ اسمبلی میں کی تو… تواس میں برا ہی کیا‘ اس میں حرج ہی کیا ؟ کوئی کہہ سکتا ہے کہ پرہ نے ۳۷۰ کی لاش پر سیاست کی… اور یقینا ایسا ہی ہے … انہوں نے ۳۷۰ کی لاش پر سیاست کی… ۳۷۰ کی ہی لاش پر سیاست کی کہ… کہ یہاں تو کل تک انسانی لاشوں پر سیاست کی جاتی تھی… اورسو فیصد کی جاتی تھی… پرہ کی اگر کوئی غلطی ہے تو یہ ہے کہ انہوں نے اسمبلی کے اندر ۳۷۰ پر سیاست کی … باہر کرتے تو … تو کوئی مسئلہ نہیں تھا کہ… کہ باہر تو وہ لوگ بھی ۳۷۰ پر سیاست کررہے ہیں… خوب کررہے ہیں ‘ جنہیں اسمبلی کے اندر پرہ کی ۳۷۰ پر سیاست پسند نہیں آئی… بالکل بھی نہیں آئی ۔حالانکہ یہ سب باہر ۳۷۰ پر کی جانے والی سیاست سے ہی اندر آگئے … لیکن اندر جاکر شاید اب انہیں سیاست… ۳۷۰ پر سیاست پسند نہیں ہے… اور اس لئے نہیں ہے کیونکہ انہیں اندر آنا تھا… اسمبلی کے اندر آنا تھا… سو وہ آگئے …اس لئے اب ۳۷۰ پر سیاست کی کوئی ضرورت نہیں ہے… یا ۳۷۰ کی سیاست کی ضرورت نہیںہے… بالکل بھی نہیں ہے۔اس لئے انہوں نے پرہ کی ’کیمرہ کیلئے‘ ۳۷۰ کی قرار داد کو پسند نہیں کیا … شاید۔لیکن صاحب یہ بھی تو ممکن ہے کہ یہ خود بھی ۳۷۰ پر سیاست کرنا چاہتے تھے… اسمبلی کے اندر کرنا چاہتے تھے… لیکن پرہ غیر متوقع طور پر بازی لے گیا اور… اور یہ سب کے سب ہاتھ ملتے رہ گئے… کیا واقعی ایسا تھا… ایک دو دن انتظار کیجئے معلوم ہو ہی جائیگا کہ کہنے والوںکا کہنا ہے کہ حکمران جماعت بھی ۳۷۰ پر سیاست … معاف کیجئے قرارداد لانے والی ہے… بس تھوڑا انتظار کیجئے ۔ ہے نا؟