نرمدا//
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ جموں کشمیر کے عوام نے علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کو مسترد کردیا ہے اور ہندوستان کے آئین اور جمہوریت کو فاتح بنایا ہے۔
گجرات کے کیوڈیا میں قومی اتحاد کے دن کی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا’’جموں کشمیر کے لوگوں نے علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کے پرانے ایجنڈے کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے ہندوستان کے آئین، ہندوستان کی جمہوریت کو فاتح بنایا ہے۔ انہوں نے اپنے ووٹوں سے ۷۰سال سے جاری پروپیگنڈے کو ختم کر دیا ہے۔ آج قومی یکجہتی کے دن پر میں جموں و کشمیر کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں‘‘۔
مودی نے مزید کہا کہ دہشت گرد آقا اب سمجھ گئے ہیں کہ بھارت کو نقصان پہنچانے سے نتائج برآمد نہیں ہوں گے کیونکہ بھارت انہیں نہیں چھوڑے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ ۱۰سالوں میں ہندوستان نے بہت سے ایسے مسائل کو حل کیا ہے جو قومی اتحاد کے لئے خطرہ تھے۔’’ دہشت گرد آقاؤں کو اب پتہ چل گیا ہے کہ ہندوستان کو نقصان پہنچانے سے نتائج برآمد نہیں ہوں گے کیونکہ ہندوستان انہیں نہیں چھوڑے گا‘‘۔
مودی نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ۷۰سال سے بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کو مکمل طور پر نافذ نہیں کیا گیا اور آئین کا نام لینے والوں پر اس کی توہین کرنے کا الزام لگایا۔
وزیر اعظم نے اس ناکامی کو جموں کشمیر میں ’آرٹیکل۳۷۰ کی دیوار‘ سے منسوب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ’آرٹیکل ۳۷۰ہمیشہ کے لئے دفن ہو گیا ہے‘۔
ان کاکہنا تھا’’آج پورا ملک خوش ہے کہ آزادی کی سات دہائیوں کے بعد ایک ملک اور ایک آئین کا عزم پورا ہوا ہے۔ سردار صاحب کو یہ میرا سب سے بڑا خراج عقیدت ہے۔۷۰ سال تک بابا صاحب امبیڈکر کے آئین کو پورے ملک میں نافذ نہیں کیا گیا۔ جو لوگ آئین کا نام لیتے ہیں انہوں نے اس کی بہت توہین کی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا’’اس کی وجہ جموں کشمیر میں دفعہ ۳۷۰ کی دیوار تھی۔ آرٹیکل۳۷۰ کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا گیا ہے۔ پہلی بار اس اسمبلی انتخابات میں بلا تفریق ووٹنگ ہوئی۔ پہلی بار اس جگہ کے وزیر اعلیٰ نے ہندوستان کے آئین پر حلف لیا ہے۔ اس منظر نے ہندوستانی آئین بنانے والوں کو بے حد اطمینان دیا ہوگا، ان کی روحوں کو سکون ملا ہوگا اور یہ آئین سازوں کو ہمارا عاجزانہ خراج عقیدت ہے‘‘۔
سردار ولبھ بھائی پٹیل کا یوم پیدائش۳۱؍ اکتوبر کو قومی اتحاد کے دن یا راشٹریہ ایکتا دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔۲۰۱۴ سے اس دن کو ملک بھر میں’رن فار یونٹی‘کی تقریبات کے ذریعے منایا جاتا ہے، جس میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کرتے ہیں۔
۳۱؍اکتوبر۱۸۷۵ کو گجرات کے ناڈیاڈ میں پیدا ہونے والے سردار پٹیل کو آزادی سے پہلے ہندوستان کی تمام۵۶۲ شاہی ریاستوں کو متحد کرنے اور جمہوریہ ہند کے قیام میں مدد کرنے کا سہرا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے۱۹۴۷ سے۱۹۵۰ تک ملک کے پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔۱۵ دسمبر ۱۹۵۰ء کو ان کا انتقال ہو گیا۔