سرینگر///
کشمیر کے میر واعظ ‘مولوی محمد عمر فاروق نے گگن گیر سونہ مرگ میں پیش آئے واقعے جس میں ایک مقامی ڈاکٹر سمیت سات غیر ریاستی مزدوروں کو بہیمانہ طور پر ہلاک کیا گیا پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔
ایک بیان میں ان ہلاکتوں کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے میرواعظ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسلام ایسے غیر انسانی فعل کی سخت مذمت کرتا ہے ۔
میرواعظ نے کہا ’’ہر انسان کی زندگی قیمتی ہے اور اس طرح جانیں گنوانا انتہائی تکلیف دہ ہے‘‘ ۔انہوں نے اس واقعہ کو حد درجہ افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ تشدد اور غیر یقینی صورتحال کے نہ ختم ہونے والے سلسلے کا یہاں کے عوام کئی دہائیوں سے سامنا کررہے ہیں۔
عمر فاروق نے گگن گیر واقعہ میں جان گنوانے والے افراد کے اہل خانہ اور اعزا کے ساتھ اپنی دلی تعزیت اورزخمیوں کی فوری شفایابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ غمزدہ خاندانوں کو اس مشکل وقت میں صبر جمیل عطا فرمائے ۔