چلئے صاحب آج انتخابات… جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا تیسرا اور آخری مرحلہ ہو رہا ہے …جس کے بعد نتائج ۸؍اکتوبر کو آئیں گے ۔اب نتائج کیا ہوں گے یہ تو کوئی نہیں جانتا ہے… بالکل بھی نہیں جانتا ہے… لیکن… لیکن نہ جانے ہمیں کیوں لگ رہا ہے کہ نتائج وہ نہیں ہوں گے جو ہم سوچ رہے ہیں… بالکل بھی نہیں ہوں گے ۔کاغذ پر یقینا این سی اور کانگریس کا اتحاد بڑا مضبوط دکھائی دے رہا ہے اور… اور لگتا ہے کہ …کہ یہی اتحاد جموں کشمیر میں اگلی حکومت بھی بنائیگا … جسے پی ڈی پی کی حمایت حاصل ہو گی…لگ تو رہا ہے کہ ایسا ہی ہو گا… لیکن… لیکن پھرصاحب خیال آتا ہے… بی جے پی کا خیال آتا ہے کہ کیا وہ یونہی تما شا دیکھے گی…کیا اس نے ۲۰۱۹ میں جو کچھ بھی کیا اس لئے کیا تھا جب اگست ۲۰۱۹ کے بعد جموں کشمیر میں پہلے انتخابات ہوں گے تو… تو وہ محض تماشائی ہو گی… اسے محض تماشا دیکھنے کا رول دیا جائیگا… وہ خود کوتماشا بین کا رول تفویض کرے گی؟ نہیں صاحب نہیں!ایسا ہو نہیں سکتا کہ…کہ اپنے مودی جی اور نہ امیت بھائی شاہ نے اپنے بال دھوپ میں سفید کئے ہیں… بالکل بھی نہیں کئے ہیں…جموں کشمیر میںالیکشن کرانے کی حامی بھرنے سے پہلے انہوں نے ضرور اس کے بارے میں سوچا ہو گا… اور کچھ سوچ کر انہوں نے یقینا کچھ سوچ کے رکھا ہو گا… یہ سوچ کے رکھا ہو گا کہ انہیں کیا کرنا ہے اور… اور کیسے کرنا ہے ۔ اور یہی بات ہمیں یہ بات سوچنے پر مجبور کررہی ہے کہ… کہ شاید وہ سب نہیں ہو گا جو ہم سوچ رہے ہیں کہ ہو گا یا ہو نا چاہئے … بھلے این سی اور کانگریس کا اتحاد ہے… بھلے ہی پی ڈی پی نے بھی سکیولر اتحاد کی حمایت کا اعلان کیا ہے… بھلے ہی پی ڈی پی دو بارہ بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملانے کی غلطی نہیں کر سکتی یا یہ غلطی کرنے کی متحمل نہیں ہو سکتی ہے… لیکن …صاحب اس کا یہ مطلب نہیں کہ بی جے پی خاموشی سے ہاتھ پر ہاتھ دھرے اپنے سپنوں کا جہاں لٹتے ہو ئے دیکھے گی… مانتے ہیں اور… اور سو فیصد مانتے ہیں کہ اب بی جے پی میں وہ دم خم نہیں رہا ہے… لیکن… لیکن صاحب اسے ہلکے میں لینے کی غلطی نہ کیجئے کہ… کہ بی جے پی جانتی ہے کہ اگر ابھی نہیں تو… تو پھر جموںکشمیر میںکبھی نہیں… اور بالکل بھی نہیں اس کی حکومت بنے گی ۔ ہے نا؟