سرینگر/25 ستمبر
جموں کشمیر اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بدھ کو 54.11 فیصد سے زیادہ رائے دہندگان نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ پولنگ پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوئی۔
جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر پی کے پولے نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے مرحلے میں 54.11 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔
پولے نے کہا کہ یہ شرح عارضی ہے کیونکہ حضرت بل اور ریاسی جیسے کچھ مقامات پر پولنگ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پولنگ پرامن اور مجموعی طور پر ہموار رہی۔
سی ای او نے کہا کہ پولنگ مجموعی طور پر پرامن رہی۔ بحث و مباحثہ وغیرہ جیسے کچھ واقعات پیش آئے لیکن کہیں بھی دوبارہ ووٹنگ کی ضرورت نہیں ہے۔
دوسرے مرحلے کے دوران غیر ملکی سفیروں کے 16 رکنی وفد نے انتخابات دیکھنے کے لئے وادی کا دورہ کیا۔
شورش کے آغاز کے بعد شاید یہ پہلا موقع ہے کہ بین الاقوامی مبصرین کو جموں و کشمیر میں انتخابات دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔تاہم اس اقدام پر سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابات ملک کا اندرونی معاملہ ہے۔
پولے نے مزید بتایا کہ ریاسی ضلع میں سب سے زیادہ 71.81فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ، پونچھ میں 71.59، راجوری میں 68.22، بڈگام میں 58.97، گاندربل میں 58.81اور سری نگر میں 27.37فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ہے ۔