سرینگر//
کالعدم جماعت اسلامی نے شمالی کشمیر کے سوپور اسمبلی حلقے پر سابق حریت لیڈر اور آزاد امید وار حاجی منظور احمد کلو کو حمایت دینے کا اعلان کیا ہے ۔
یہ اعلان جماعت اسلامی کے سابق رکن غلام قادر وانی نے پیر کو سوپور میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
وانی نے کہا’’جماعت اسلامی ہمیشہ جمہوری عمل میں یقین رکھتی ہے اور سال۱۹۷۱سے الیکشن لڑتے آئی ہے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’۱۹۸۷میں یہاں مسلم یونائیٹڈ فرنٹ کے نام سے ایک فرنٹ وجود میں آیا جس میں جماعت کا کلیدی رول تھا لیکن اس وقت کی بر سراقتدار جماعت نے اس قدر دھاندلیاں کیں کہ محمد یوسف شاہ جو ایک امید وار تھا، صلاح الدین بن گیا اور اس کے بعد یہاں ملی ٹنسی شروع ہوئی اور جماعت الیکشن سے بد دل ہوگئی‘‘۔
سابق رکن جماعت نے کہا’’۱۹۸۷کے الیکشن کے بعد جتنے بھی یہاں انتخابات ہوئے جماعت نے ان میں احتجاجاً حصہ نہیں لیا‘‘۔
وانی نے کہا’’صورتحال یہ ہوئی کہ جماعت پر پابندی عائد کر دی گئی جس کا یہ چھٹا سال ہے ‘‘۔ان کا کہنا تھا’’جماعت کی شوریٰ نے ایک پینل تشکیل دی جو جماعت سے پابندی ہٹانے کیلئے تگ و دو کر رہی ہے اور مرکزی حکومت کے ساتھ بھی اس سلسلے میں بات چیت چل رہی ہے جو ابھی آخری مرحلے میں شامل نہیں ہوئی ہے ‘‘۔
سابق جماعت اسلامی کے رکن نے کہا’’جماعت نے رواں الیکشن میں آزاد امید واروں کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ لیا تاکہ جمہوری عمل میں جو ہمارا یقین ہے اس کا عملی مظاہرہ کیا جائے ‘‘۔
قادر نے کہا کہ جماعت نے الیکشن کو کبھی حرام قرار نہیں دیا ہے ۔انہوں نے کہا’’جماعت جمہوری طریقہ اختیار کرکے اپنا مسائل حل کرائے گی اور جماعت پر عائد پابندی ہٹانے کیلئے بھی جمہوری طریقہ اختیار کیا جائے گا۔‘‘