نئی دہلی//عام آدمی پارٹی نے بی جے پی کی ہریانہ حکومت پر کسانوں، فوجیوں اور ماؤں بہنوں کی عزت اور وقار سے کھلواڑ کا الزام لگایا۔
عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ اور قومی تنظیم کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر سندیپ پاٹھک نے جمعرات کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ ان کی پارٹی پہلی بار ہریانہ میں پوری طاقت کے ساتھ الیکشن لڑ رہی ہے ۔ اب پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کل 20 ستمبر سے ہریانہ میں انتخابی مہم شروع کریں گے ۔ اروند کیجریوال کل جمنا نگر کی جگادھری اسمبلی میں اپنا پہلا روڈ شو کریں گے ۔ جگادھری کے بعد اروند کیجریوال ڈبوالی، رانیہ، بھیوانی، مہم، پونڈری، کلایت، ریواڑی، دادری، اسندھ، بلبھ گڑھ اور بادرا میں بھی انتخابی مہم چلائیں گے ۔ فی الحال اروند کیجریوال 11 اضلاع میں انتخابی مہم چلائیں گے ، جہاں ان کے 13 پروگرام ہوں گے ۔
مسٹر پاٹھک نے کہا کہ اگر آپ ہریانہ کی سیاست کو دیکھیں تو یہ بالکل واضح ہے کہ اس بار ہریانہ سے بی جے پی کا مکمل صفایا ہونے والا ہے ۔ ہریانہ میں گزشتہ 10 برسوں سے بی جے پی کی حکومت چل رہی ہے ۔ خود بی جے پی کو اپنے وزیر اعلیٰ پر بھروسہ نہیں تھا، اس لیے انہوں نے منوہر لال کھٹر کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے ہٹا کر نایب سنگھ سینی کو نیا وزیر اعلیٰ بنایا۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پچھلے سال بی جے پی کو نیا وزیر اعلیٰ لانے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی؟ انہوں نے کسانوں اور فوجیوں کے ساتھ ناانصافی کی اور ان کی توہین کی، ہماری ماؤں بہنوں کی عزتوں سے کھلواڑ لہا۔ ہریانہ میں بے روزگاری عروج پر ہے ، مہنگائی ریکارڈ توڑ رہی ہے ۔ ہر طرف بد نظمی اور افراتفری ہے ۔ بی جے پی جانتی ہے کہ اس بار ہریانہ سے ان کا صفایا ہونے والا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اب بڑا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب بی جے پی ہریانہ سے جارہی ہے ، عوام تبدیلی لا رہی ہے تو اس تبدیلی میں کس پارٹی کو موقع ملے گا؟ ہریانہ میں پہلے عوام نے ایک پارٹی کو پانچ سال کا موقع دیا، پھر دوسری پارٹی کو 10 سال کا موقع دیا اور اب گزشتہ 10 برسوں سے تیسری پارٹی کی حکومت ہے ۔ ہریانہ کے عوام نے تمام پارٹیوں کو موقع دیا ہے ۔ ہریانہ میں کوئی ایسی پارٹی نہیں ہے جو یہ کہہ سکے کہ یہاں کے لوگوں نے ہمیں موقع نہیں دیا۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ان تمام جماعتوں نے اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائی؟ کیا انہوں نے عوام کی وہ خدمت کی جو وہ ان سے چاہتے تھے ؟ سادہ زبان میں جواب یہ ہے کہ انہوں نے ہریانہ کے لوگوں کی کوئی خدمت نہیں کی۔
اے اے پی لیڈر نے کہا کہ ہریانہ کے لوگ تمام پارٹیوں سے تنگ آچکے ہیں، اب وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔ اس بار پہلی بار اروند کیجریوال عام آدمی پارٹی کے ساتھ ہریانہ کے لوگوں کے سامنے آئے ہیں۔ اب عام آدمی پارٹی تبدیلی کے لیے ہریانہ کے لوگوں کے لیے ایک بہتر آپشن ہے ۔