سرینگر//
وزیر اعظم نریندرمودی کے سری نگر دورے کے پیش نظر شہر سری نگر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کیا گیا ہے اور جگہ جگہ پولیس، بی ایس ایف، پیرا ملٹری فورس اور ایس او جی کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔
شیر کشمیر پارک جہاں وزیر اعظم انتخابی ریلی سے خطاب کرنے والے ہیں، کے ارد گرد علاقوں میں بھی اضافی پیرا ملٹری فورسز کو تعینات کیا گیا ہے ۔
وزیر اعظم کے سری نگر دورے کے پیش نظر ڈرون اور کواڈ کاپٹروں کے آپریشن کیلئے سرینگر شہر کو’عارضی ریڈ زون‘قرار دیا گیا ہے
جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی سری نگر میں چناوی جلسے سے خطاب کریں گے ۔
اطلاعات کے مطابق بدھ کے روز جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر میں چپے چپے پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لا کر گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر شہر میں خصوصی ناکہ چیکنگ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں پر مشکوک نظر آنے والے افراد کو روک کر ان کے شناختی کارڈ چیک کئے جارہے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ سری نگر کے حدود میں گاڑیوں کو بغیر تلاشی کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔
دریں اثنا پولیس نے ڈرون اور کواڈ کاپٹروں کے آپریشن کیلئے سری نگر شہر کو’عارضی ریڈ زون‘قرار دیا ہے ۔
سری نگر پولیس نے’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا’’ڈرون رولز۲۰۲۱کے قاعدے۲۴(۲)کی دفعات کے مطابق سری نگر شہر کو ڈرون اور کواڈ کاپٹروں کے آپریشن کیلئے ’عارضی ریڈ زون‘قرار دیا گیا ہے ‘‘۔
پولیس نے پوسٹ میں کہا’’ریڈ زون میں تمام غیر مجاز ڈرون آپریشنز پر ڈرون رولز۲۰۲۱کی متعلقہ دفعات کے مطابق جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے ‘‘۔
پوسٹ میں لوگوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے اس ضمن میں تعاون کریں۔