سرینگر//
فوجی سربراہ جنرل اوپندرا دویدی نے سری نگر کا دورہ کرکے جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر فوج اور پولیس کے سینئر آفیسران کے ساتھ میٹنگ کی۔
میٹنگ کے دوران جموں کشمیر کے تازہ سیکورٹی منظر نامے پر بات چیت کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق فوجی سربراہ جنرل اوپندرا دویدی نے سری نگر میں پولیس سربراہ آر آر سوائن اور نو منتخب پولیس چیف نالن پربھات کے ساتھ جموںکشمیر کی سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ذرائع کے مطابق اس میٹنگ کے دوران سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں فوجی سربراہ کو جانکاری فراہم کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال پر بھی گفت وشنید ہوئی۔
دریں اثنا شمالی کمان کے دفاعی ترجمان نے ایکس پر جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا’’فوجی سربراہ جنرل اوپیندرا دیویدی نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ سیکورٹی صورتحال پر بات چیت کی۔ انہوں نے کہاکہ آرمی چیف نے پولیس سربراہ آر آر سوائن اورنالن پربھارت کے ساتھ بھی ملاقات کی جس دوران سیکورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا گیا۔
فوجی ترجمان کے مطابق جنرل دیویدی نے جی او سی چنار کور‘ جی او سی وائٹ نائٹ کور اور رائزنگ سٹار کورکے سینئر آرمی عہدیداروں کے ساتھ بھی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی ۔
اس سے قبل کور کمانڈر کو فوج کے سینئر آفیسران نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔فوجی سربراہ کو مخالفین کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فوجی سربراہ نے بادامی باغ فوجی چھاونی میں جموں وکشمیر کے سیکورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا جس دوران انہیں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔معلوم ہوا ہے کہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظرفوجی سربراہ نے ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال پر بھی سینئر آفیسران کے ساتھ میٹنگ کی۔
بتادیں کہ جموں وکشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحد پر اٹھارہ اسمبلی حلقے آتے ہیں جن میں کشمیر صوبے میں کرناہ ، لولاب ، اوڑی اور گریز شامل ہیں جبکہ جموں میں مینڈھر ، پونچھ حویلی ، پونچھ سرنکوٹ، تھانہ منڈی ، نوشہرہ ، سندر بنی اور کالاکوٹ بھی ایل او سی کے ساتھ واقع ہیں۔جموں کے پانچ حلقے آر ایس پورہ ، سوچیت گڑھ، بشنا، رام گڑھ، ہیرا نگر بھی بین الاقوامی سرحد کے ساتھ آتے ہیں۔