کیا نیشنل کانفرنس یا پی ڈی پی اس بات ‘ اس حقیقت سے انکار کر سکتی ہیں کہ … کہ ماضی میںان دونوں نے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملایا …نہیں دونوں اس بات سے انکار نہیں کر سکتی ہیں‘ نہیں کررہی ہیں… الٹا آج بھی … جی ہاں آج بھی جب یہ دونوں جماعتیں بی جے پی کو کشمیر کی شناخت مسخ کرنے ‘ کشمیریوں کو سیاسی طور پر بے اختیار کرنے کا الزام عائد کررہی ہیں… تو … تو یہ دونوں جماعتیں آج بھی ماضی میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد کو غلط نہیں مانتی ہیں… الٹا اس کے حق میں دلائل دیتی ہیں…نیشنل کانفرنس نے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملایا تو… تو عمرعبداللہ اس کی قیادت والی مرکزی حکومت میں وزیر مملکت برائے خارجہ بن گئے … عمر عبداللہ آج ہاتھ ملانے کا یہ کہہ کر دفاع کررہے ہیں کہ اُس وقت کی بی جے پی کچھ اور تھی ‘ وہ واجپائی کی بی جے پی تھی… مودی جی کی بی جے پی نہیں ۔ پی ڈی پی ۲۰۱۴ میں بی جے پی ‘مودی جی کی بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملانے ‘ اس سے اتحاد کرنے کے حق میں یہ دلیل دیتی ہے کہ مرحوم مفتی صاحب کا مقصد اقتدار نہیں بلکہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنا تھا… سو بی جے پی کے ساتھ انہوں نے اتحاد کیا اور حکومت بنائی ۔عمر صاحب جب بی جے پی … واجپائی کی بی جے پی کے ساتھ اتحاد کے حق میں دلیل دیتے ہیں یا دینے کی کوشش کرتے ہیں تو… تو وہ یہ نہیں بتاتے ہیں کہ واجپائی کی بی جے پی کے ایجنڈا میں ۳۷۰ کی منسوخی برابر موجود تھی… لیکن انہیں اکثریت نہیں ملی اس لئے وہ اپنی پارٹی کے اس دیرینہ خواب کو پورا نہیں کر سکے … میڈم جی اپنے مرحوم والد کے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملانے کا یہ کہہ کر دفاع کر رہی ہیں کہ اگر مفتی صاحب زندہ رہتے تو… تو وہ مسئلہ کشمیر حل کرالیتے … اگر ایسا تھا تو… تو پھر مرحوم کے بعد تو میڈم جی نے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کو برقرار رکھا…پھر مسئلہ کشمیر حل کیوں نہیں کرایا؟کیا ان کا بی جے پی کے ساتھ اتحاد کا مقصد مفتی صاحب کے برعکس مسئلہ کشمیر کا حل نہیں بلکہ اقتدار تھا ؟جو کام باپ نہیں کر سکا ‘ بیٹی وہ کیوں نہیں کر سکی …؟خیر !آج دونوں جماعتیں انجینئر رشید پر بی جے پی کا پراکسی ہونے کا الزام لگا رہی ہیں… اور ممکن ہے کہ ایسا ہی ہو… اور یہ بھی ممکن ہے کہ کل کو انجینئر رشید بھی بی جے پی کے ساتھ ’اتحاد‘ کے حق میں کوئی دلیل پیش کریں‘ اس کا دفاع کریں… اسی طرح جس طرح پی ڈی پی اور این سی آج بھی کررہی ہیں ۔ اگر این سی اور پی ڈی پی بی جے پی سے اتحاد کر سکتی ہیں تو… تو انجینئر رشید کیوں نہیں ؟ ہے نا؟