نئی دہلی//
وزیر اعظم‘ نریندر مودی نے جمعرات کو کہا کہ ملک دفاعی شعبے میں تیزی سے خود کفیل ہو رہا ہے اور وہ دن دور نہیں جب ہندوستان دفاعی مینوفیکچرنگ کے مرکز کے طور پر ابھرے گا۔
۷۸ویں یوم آزادی کے موقع پر یہاں تاریخی لال قلعہ کی فصیل سے ہم وطنوں سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ پہلے دفاعی شعبے کے بجٹ کا بڑا حصہ بیرونی ممالک سے دفاعی خریداری پر خرچ کیا جاتا تھا، لیکن حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ، اب صورتحال بدل گئی ہے ۔ اب ہندوستان اپنی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات کر رہا ہے اور دفاعی مینوفیکچرنگ کے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا ’’پہلے دفاعی شعبے کا بجٹ خریداری میں چلا جاتا تھا لیکن اب ہم دفاعی شعبے میں خود کفیل ہو رہے ہیں اور ہم نے ایک شناخت بنائی ہے ۔ ہم کئی ممالک کو دفاعی سازوسامان برآمد کر رہے ہیں اور مینوفیکچرنگ کے مرکز کے طور پر ابھر رہے ہیں‘‘۔
مودی نے کہا کہ ہماری افواج اس صورتحال پر خصوصی ستائش کی مستحق ہیں۔ افواج نے دفاعی شعبے میں خود کفیلی کے لیے حکومت کے منصوبوں اور اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے تعاون کیا ہے ۔ وزارت دفاع نے ان سینکڑوں مصنوعات کی فہرست تیار کر لی ہے جن کی درآمد پر پابندی لگائی جا رہی ہے ۔ ان مصنوعات کی ملک میں پیداوار میں اضافہ کیا جائے گا اور آہستہ آہستہ ان کی درآمد مکمل طور پر روک دی جائے گی۔