آر ایس پورہ//
مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے پیر کے روز کہا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات ستمبر میں ہوں گے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ’ترقی کی رفتار‘ کو برقرار رکھنے اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے بی جے پی کو ووٹ دیں۔
ریڈی نے کہا کہ پانچ سال قبل۵؍اگست کو وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی طرف سے آرٹیکل ۳۷۰کی منسوخی کے بعد سے پاکستان اور اس کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کی سرگرمیاں جموں و کشمیر میں بڑی حد تک محدود ہوگئی ہیں۔
جموں و کشمیر میں بی جے پی کے انتخابی انچارج ریڈی نے دفعہ ۳۷۰کی منسوخی کی پانچویں برسی کے موقع پر جموں کے مضافات میں بنا سنگھ اسٹیڈیم میں اپنی پارٹی کی جانب سے منعقدہ ’ایکاتما مہوتسو‘ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری انچارج جموں و کشمیر ترون چگ اور جموں و کشمیر بی جے پی صدر رویندر رینا دیگر نمایاں مقررین میں شامل تھے۔
ریڈی نے کہا کہ اسمبلی انتخابات ستمبر میں ہوں گے اور ہمیں یقین ہے کہ آرٹیکل ۳۷۰کو منسوخ کرنے اور بی آر امبیڈکر کے آئین کو جموں و کشمیر تک توسیع دے کر پارٹی کی طرف سے لائی گئی تبدیلیوں کو دیکھتے ہوئے لوگ بی جے پی کو مکمل اکثریت کے ساتھ اقتدار میں لائیں گے۔
اپوزیشن پارٹیوں خاص طور پر کانگریس اور نیشنل کانفرنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ وہ دفعہ ۳۷۰کو دوبارہ نافذ کرنے کی بات کر رہے ہیں، جس نے پاکستان کی سرپرستی میں دہشت گردی کے ذریعے جموں و کشمیر میں صرف ’موت اور تباہی‘ لائی ہے۔
ریڈی نے کہا’’لوگوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں کون سی حکومت چاہتے ہیں، جو آرٹیکل۳۷۰کی بات کر رہی ہے یا بی جے پی کی زیرقیادت حکومت جو جموں و کشمیر کو ترقی، امن اور خوشحالی کی نئی بلندیوں پر لے جانا چاہتی ہے‘‘۔
آرٹیکل۳۷۰کی منسوخی کو ملک اور جموں و کشمیر کے عوام کے لئے’فخر کا لمحہ‘ قرار دیتے ہوئے ریڈی نے کہا کہ کسی نے بھی اس طرح کی ترقی کے بارے میں کبھی نہیں سوچا تھا حالانکہ اس کی بنیاد بھارتیہ جن سنگھ کے بانی شیاما پرساد مکھ نے رکھی تھی۔
ان کاکہنا تھا ’’ایک طویل جدوجہد کے بعد جموں و کشمیر کے لوگوں کو آخر کار آرٹیکل ۳۷۰سے آزادی مل گئی جس کے نتیجے میں خواتین اور سماج کے دیگر محروم طبقوں کو حقوق ملے۔ ایک نیا جموں و کشمیر وجود میں آیا جہاں دہشت گردی، پتھراؤ، پاکستانی پرچم لہرانے اور ترنگے کی توہین تاریخ بن چکی ہے‘‘۔
عوام سے کانگریس اور نیشنل کانفرنس کو ووٹ نہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے ریڈی نے کہا کہ اگر وہ اقتدار میں واپس آتے ہیں تو دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کی بحالی کا امکان ہے۔
ریڈی نے کہا کہ بی جے پی واحد پارٹی ہے جو پاکستان اور اس کی سرپرستی میں دہشت گردوں کو ہندوستانی شہریوں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہ دے کر امن کو یقینی بناسکتی ہے۔
جموں خطے میں حالیہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا’’ہم پاکستان کو متنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ ہم جموں و کشمیر میں اس کی مسلسل کوششوں کے باوجود دہشت گردی کو بڑھنے نہیں دیں گے۔ ہم دہشت گردی کی لعنت کا مکمل خاتمہ کریں گے اور اپنے لوگوں کی حفاظت کریں گے۔ ہم ملک کے لیے مرنے کو تیار ہیں۔‘‘ (ایجنسیاں)