نئی دہلی// صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعہ کو یہاں راشٹرپتی بھون میں گورنروں کی کانفرنس کا افتتاح کیا۔
اس کانفرنس میں کئی ایسے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جو نہ صرف مرکز اور ریاست کے تعلقات کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ عام آدمی کے لیے فلاحی اسکیموں کو فروغ دینے کے لیے بھی اہم ہیں۔
مسز مرمو نے افتتاحی خطاب میں کہا، "اس کانفرنس کے ایجنڈے میں احتیاط سے منتخب کردہ موضوعات شامل ہیں جو ہمارے قومی مقاصد کے حصول کے لیے اہم ہیں۔” انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں ہونے والے مباحث تمام شرکاء کے لیے ایک بھرپور تجربہ ہوں گے اور ان کے کام میں مددگار ثابت ہوں گے ۔
نائب صدر، وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ نے بھی افتتاحی اجلاس سے خطاب کیا۔ نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ نے گورنروں کے حلف کا ذکر کرتے ہوئے ان سے درخواست کی کہ وہ سماجی بہبود کی اسکیموں اور پچھلی دہائی کے دوران ہونے والی بے مثال ترقی کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کی اپنی آئینی ذمہ داری کو ادا کریں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے گورنروں سے درخواست کی کہ وہ مرکز اور ریاست کے درمیان ایک موثر پل کا کردار ادا کریں اور لوگوں اور سماجی تنظیموں کے ساتھ اس طرح بات چیت کریں جس میں پسماندہ افراد بھی شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر کا عہدہ ایک اہم ادارہ ہے ، جو آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے ریاست کے عوام کی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ، خاص طور پر قبائلی علاقوں کے تناظر میں۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے دو روزہ کانفرنس میں ہونے والی بات چیت کا خاکہ بتایا اور گورنروں سے درخواست کی کہ وہ لوگوں میں اعتماد پیدا ہو اور ترقیاتی کاموں کو رفتار دینے کے لئے متحرک گاووں اور خواہش مند اضلاع کا دورہ کریں ۔
کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ فوجداری انصاف سے متعلق تین نئے قوانین کے نفاذ سے ملک میں نظام عدل کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سوچ میں تبدیلی ان قوانین کے ناموں سے ظاہر ہوتی ہے : انڈین جوڈیشل کوڈ، انڈین سول پروٹیکشن کوڈ اور انڈین ایویڈینس ایکٹ۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے ہموار کام کے لئے ضروری ہے کہ مختلف مرکزی ایجنسیاں تمام ریاستوں میں بہتر تال میل کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے گورنروں کو مشورہ دیا کہ وہ اس بارے میں سوچیں کہ وہ اپنی متعلقہ ریاستوں کے آئینی سربراہ کی حیثیت سے اس تال میل کو کیسے فروغ دے سکتے ہیں۔