سرینگر //
سرینگر سمیت وادی کے مختلف علاقوں میں جمعرات کی صبح بارشیں ہوئیں۔ بارشوں کے بعد چٹانیں کھسکنے سے جموں سرینگر شاہراہ کچھ دیر کیلئے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بند کر دی گئی ۔
محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق وادی کے بیشتر علاقوں میں جمعرات کی صبح موسم نے کروٹ لی اور بالائی ومیدانی علاقوں میں باری باری بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
سرینگر میں صبح سے مطلع ابر آلود رہنے کے بعدجنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں بارشیں ہوئیں جس سے بھی لوگوں نے راحت محسوس کی۔ بارشوں کی وجہ سے لوگوں نے اطمینان کا اظہار کیا ادھرسونہ مرگ اور گلمرگ کے ساتھ ساتھ شمالی کشمیر کے مختلف علاقوں اور بڈ گام کے کچھ حصوںمیں بھی بارشیں ہوئیں۔
ادھر کھریو پانپور میں بٹھن نالے میں ممکنہ طور پر بادل پھٹ گیا ہے جس کی وجہ سے نالے میں کافی مقدار میںپانی آیا ہے جو سڑک کے اوپر آنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے مکانوں کے صحن میں داخل ہوا جس دوران رابط سڑک پر چند ایک مقامات پر نقصان ہوا جبکہ کچھ دیواروں کو پانی نے معمولی نقصان پہنچایا ۔
ادھر جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال اوراونتی پورہ میں جم کر بارشیں ہوئیں جس کے بعدقریب۳ماہ کے یہاں یہاں کے ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا جس پر مقامی کسانوں نے خوشی کا اظہار کیا ۔
ادھر جموں کے مختلف علاقوں میں بھی تیز بارشوں کے بعد ندی نالوں میں تیز بہاؤ والے پانی نے کئی پلوں اور رابط سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے ۔بھٹنڈی جموں کے علاقے میں نکاس آب کی عدم موجودگی کی وجہ سے سڑکوں،مکانوں ،کو نقصان پہنچا ہے ۔
ادھر تیز بارشوں کے نتیجے میں سرینگر جموں شاہراہ پر کچھ وقت کے لئے گاڑیوں کی آمدرفت میں خلل پڑا ہے تاہم بعد میں یہ ٹریفک بحال ہوا ہے ۔
خیال رہے وادی کشمیر میں طویل خشک سالی کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا ہے جس کی وجہ سے یہاں لوگوں نے راحت کی سانس لی جبکہ کسانوں کی مایوسی خوشی میں تبدیل ہو رہی ہے کیوں کہ پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے اب فصل بھی ختم ہورہے تھے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ۷اگست تک جموں وکشمیر میں بارشیں ہوں گے۔