سرینگر/۲۲ جولائی
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے تنظیمی سکریٹری ‘اشوک کول نے پیر کو کہا کہ ان کی جماعت آئندہ اسمبلی انتخابات میں تمام نشستوں پر الیکشن لڑے گی اور جموں و کشمیر میں حکومت بنائے گی۔
کول نے شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ میں میڈیا کو بتایا کہ بی جے پی آئندہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لے گی اور وادی کشمیر سمیت تمام حلقوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
بی جے پی تنظیمی سکریٹری نے دعوی کیا کہ بی جے پی آئندہ اسمبلی انتخابات میں 50 سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گی اور جموں و کشمیر میں حکومت بنائے گی۔
کول نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے بعد جموں و کشمیر میں حکومت بی جے پی بنائے گی اور جو لوگ حکومت بنانے کا دعویٰ کر رہے ہیں وہ ہمارے دعوے سے انکار نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد جو بھی نتائج سامنے آئیں گے وہ ہم سب کے سامنے ہوں گے۔
جموں خطے میں عسکریت پسندوں کے بڑھتے ہوئے حملوں کے بارے میں کول نے کہا کہ یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ ہمارا پڑوسی ملک صورتحال کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے جو پچھلے چار پانچ سالوں سے مستحکم ہے۔
کول نے کہا کہ وہ (پاکستان) تربیت یافتہ سابق فوجی اہلکاروں کو فوج اور پولیس سمیت دیگر سکیورٹی فورسز پر حملے کرنے کے لیے بھیج رہے ہیں۔
بی جے پی تنظیمی سکریٹری نے امید ظاہر کی کہ فوج، پولیس اور دیگر ایجنسیوں سمیت سیکورٹی فورسز صورتحال سے نمٹیں گی اور دشمن کو ایسا جواب دیں گی کہ وہ دوبارہ کبھی اس طرف دراندازی کرنے کے بارے میں نہیں سوچیں گے۔ (ایجنسیاں)