سرینگر//
شمالی کشمیر کے ویلگام ہندواڑہ میں پولیس نے فیس بک پر اپنے آپ کو لڑکیاں جتلا کر لوگوں سے رقومات اینٹھنے والے تین افراد کو گرفتارکیا ہے ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ویلگام پولیس اسٹیشن میں ایک شخص نے تحریری طورپر شکایت درج کی کہ فیس بک کے ذریعے لوگوں کو لوٹا جارہا ہے ۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔
ترجمان کے مطابق تین افراد کی گرفتاری عمل میں لا کر ان سے پوچھ تاچھ شروع کی گئی جس دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ فیس بک پر اپنے آپ کو لڑکیا ں جتلا کر لوگوں کو لوٹ رہے تھے ۔
دوران تفتیش ملزمان نے بتایا کہ وہ جعلی فیس بک اکاونٹ کا استعمال کرکے لوگوں کی نجی جانکاری حاصل کرکے ان سے پیسے بٹور رہے تھے ۔
پولیس نے ملزمان کی شناخت فردوس احمد تانترے ولد محمد شفیع ، دانش احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ اور عالیان احمد بٹ ولد عاشق حسین بٹ ساکنان دوہامہ ویلگام کے بطور کی ہے ۔
پولیس نے گرفتار شدگان کے موبائیل فون بھی برآمد کرکے ضبط کئے ہیں اور اس سلسلے مزید تفتیش جاری ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے ایک دفعہ پھر لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی نجی انفارمیشن کو سوشل میڈیا سائٹوں پر اپ لوڈ کرنے سے گریز کیا کریں۔