نئی دہلی//
پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس۲۲جولائی سے شروع ہوگا اور۱۲؍اگست تک جاری رہے گا۔
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا ’’عزت مآب صدر جمہوریہ نے بجٹ اجلاس کیلئے دونوں ایوانوں کے اجلاس ۲۲جولائی سے۱۲؍اگست تک بلانے کی حکومت کی تجویز کو منظوری دے دی ہے‘‘۔
رجیجو نے کہا کہ سال۲۵۔۲۰۲۴کا بجٹ ۲۳ جولائی کو پیش کیا جائے گا۔
بی جے پی کی زیرقیادت حکومت این ڈی اے کا اپنی نئی مدت میں پہلا بجٹ اہم ہوگا کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ تیسری مدت کا استعمال جرأت مندانہ فیصلوں کے نئے باب لکھنے کے لئے کیا جائے گا۔
۱۸ ویں لوک سبھا کی تشکیل کے بعد پارلیمنٹ کا پہلا اجلاس ہنگامہ خیز رہا اور این ای ای ٹی یو جی امتحانی تنازعہ سمیت متعدد امور پر اپوزیشن اور حکومت کے درمیان ٹکراؤ ہوا۔
صدر دروپدی مرمو نے۲۷جون کو دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا اور لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں نے صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریک منظور کی۔
وزیر اعظم مودی نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں تحریک تشکر پر بحث کا جواب دیا۔عام انتخابات میں بی جے پی کی زیرقیادت این ڈی اے مسلسل تیسری بار اقتدار میں واپس آیا ہے۔ (ایجنسیاں)