سرینگر///
وقف بورڈ کے ریٹائرڈ ملازمین نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے زیر التوا پنشن کی واگزاری کی خاطر فوری مداخلت کی اپیل کی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق ریٹائرڈ ملازمین نے بتایا کہ گزشتہ سال اپریل سے پنشن کی عدم ادائیگی کے باعث تقریباً ۴۰خاندان مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
وقف بورڈ کے ایک سابق ملازم پیرزادہ اخضرحسین نے کہا’’بہت سے ریٹائر ہونے والے ، جن میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو شدید بیماریوں سے لڑ رہے ہیں مالی مشکلات سے دوچار ہیں‘‘۔ان کے مطابق پنشن واگزار نہ کرنے کے باعث ان کی زندگی اجیرن بن گئی ہے ۔
حسین نے مزید بتایا ’’پنشن کی واگزاری کی خاطر وقف چیرپرسن سے کئی دفعہ ملاقات کی جس دوران پنشن اجرا کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا لیکن اس آرڈر پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے ‘‘۔انہوں نے کہا’’اب ہم لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے مودبانہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرئے ‘‘۔
سابق ملازمین کے مطابق موجودہ چیرپرسن درخشا ں اندرابی نے جب سے وقف بورڈ میں چیئرپرسن کا عہدہ سنبھالا کسی بھی ریٹائرڈ ملازم کے پنشن کیس کو کلیئر نہیں کیا گیا ہے ۔
حسین کے مطابق باقی ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین پنشن وصول کر رہے ہیں لیکن چالیس کے قریب ملازمین کو پنشن واگزار نہیں کیا جارہا ہے جس وجہ سے وہ مالی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
دریں اثنا وقف بورڈ کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ وقف بورڈ میں نئے قواعد و ضوابط لاگو کئے جارہے ہیں جس کے تحت حکومت ہی اس حوالے سے فیصلہ لے گی اور اس حکم نامہ پر وقف بورڈ عملدرآمد کریئے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پرانے قوانین جو وقف کو چلانے کے لئے رائج کئے گئے تھے وہ اب کالعدم قرار دئے گئے اور اب نئے قوانین کو لاگو کیا جارہا ہے جب یہ عمل مکمل ہوگا تو اس کے بعد جو ریٹائرڈ ملازمین ہیں ان کی پنشن واگزر کی جائے گی۔