سرینگر/13 جون
محکمہ اسکول ایجوکیشن (ایس ای ڈی) نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں صبح کی اسمبلیاں معیاری پروٹوکول کے مطابق قومی ترانے سے شروع ہوں گی۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے پرنسپل سکریٹری‘ آلوک کمار نے اسکولوں میں صبح کی اسمبلیوں کے انعقاد کے لئے رہنما خطوط کے بارے میں جاری ایک سرکیولر میں یہ بات کہی۔
سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ اسکول کے دن کا آغاز مثبت انداز میں کرنا اور طلباءکے درمیان اتحاد اور نظم و ضبط کی وجہ سے اسکول کے دن کے آغاز پر صبح کی اسمبلیاں اسکولی نظام کی ایک انمول رسم ثابت ہوئی ہیں۔
کمار نے سرکیولر میں مزید کہا کہ صبح کی اسمبلیاں اخلاقی سالمیت ، مشترکہ برادری اور ذہنی سکون کی اقدار کو فروغ دینے کے لئے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہیں۔”حالانکہ، یہ دیکھا گیا ہے کہ جموں و کشمیر یو ٹی کے مختلف اسکولوں میں اس طرح کی اہم رسومات کی روایت یکساں طور پر نہیں چل رہی ہے“۔
پرنسپل سکریٹری نے کہا کہ یکسانیت کو برقرار رکھنے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ ہدایات کے مطابق متعلقہ اسکولوں میں صبح کی اسمبلیوں کا انعقاد کریں۔
صبح کی اسمبلی کا دورانیہ 20 منٹ ہوگا اور تمام طلباءاور اساتذہ اسکول کے شیڈول کے آغاز کے وقت مقررہ جگہ پر جمع ہوں گے۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ”صبح کی اسمبلی معیاری پروٹوکول کے مطابق قومی ترانے کے ساتھ شروع ہوگی۔“