حالیہ لوک سبھا الیکشن کے نتائج اگر کسی بات کی چغلی کھاتے ہیں تو… تو اس ایک بات کی کھاتے ہیں کہ … کہ جموں کشمیر میں جب بھی اسمبلی الیکشن ہوں گے اور… اور ہمیں یقین ہے کہ اسمبلی الیکشن بہت جلدہوں گے تو…تو نیشنل کانفرنس اور بی جے پی کے بغیر کسی بھی حکومت کے وجود میںآنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے… اور … اور اس لئے ہے کہ کشمیر صوبے میں این سی اور جموں میں بی جے پی نے اچھی کار کردگی کا مظاہرہ کیا …باقی سبھی جماعتیں ‘ جن میں اپنی میڈم جی … میڈم محبوبہ جی کی پی ڈی پی اور اے ‘ بی‘سی ٹیمیں بھی شامل ہیں‘ ان میں کسی نے کامیابی حاصل نہیں کی… بالکل بھی نہیں کی… یوں سمجھ لیجئے یہ جماعتیں کھوٹا سکہ ثابت ہو ئیں اور… اور آپ تو جانتی ہیں کہ بازار میں کھوٹے سکے کی کوئی قدر و قیمت نہیں ہو تی ہے… یقینا اپنے گورے گورے بانکے چھورے نے انجینئر رشید کے ہاتھوں شکست کھائی … لیکن صاحب اس کے باوجود نیشنل کانفرنس کشمیر میں مضبوط ہے… یاں یوں بھی کہا جا سکتا ہے کہ واحد مضبوط جماعت ہے… اتنی مضبوط تو جموں میں بی جے پی بھی نہیں ہے… جتنی کہ این سی کشمیر میں ہے…اور صاحب اسی لئے جب بھی کشمیراور جموں میں اسمبلی الیکشن ہوںگے تو… تو صاحب ان دو جماعتوں کے بغیر نئی حکومت وجود میں لانا ممکن نظر نہیں آرہا ہے… لیکن… لیکن صاحب جب ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ… ان دو جماعتوں کے بغیر حکومت … کوئی بھی حکومت وجود میں نہیں آ سکتی ہے تو… تو صاحب اس کا یہ مطلب نہیں ہے… اور بالکل بھی نہیں ہے کہ ہم یہ کہہ رہے ہیں کہ این سی اور بی جے پی آپس میں ہاتھ ملائیں گی… بالکل اسی طرح جس طرح پی ڈی پی اور بی جے پی نے ہاتھ ملایا تھا…اور پورے جموں کشمیر کو ہلایا تھا… نہیں صاحب ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں… ہم صرف اتنا کہتے ہیں کہ… کہ این سی اور بی جے پی کے بغیر کوئی حکومت نہیں بنتی ہے… اب این سی حکومت بنانے کیلئے کس سے ہاتھ ملائیگی اور… اور بی جے پی حکومت سازی کیلئے کس کو اپنے ساتھ ملائے گی یہ توہم نہیں جانتے ہیں… سوائے اس ایک بات کے کہ… کہ یہ دونوں جماعتیں آپس میں بھی ہاتھ ملا سکتی ہیں اور… اور جموں کشمیر کو مل کر ہلا سکتی ہیں… معاف کیلئے کہنے کا مطلب ہے کہ… کہ جموں کشمیر کو چلا سکتی ہیں… کہ… کہ سیاست میں کچھ بھی ممکن ہے اور… اور ہاں جموں کشمیر کی سیاست میں بھی ۔ ہے نا؟