سرینگر//
سرینگر اور وادی کے ودسرے میدانی علاقوں میں دن بھر مطلع ابر آلود رہنے کے بعد شام کو بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو رات تک جاری رہا ۔
محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ وادی میں بارشوں کا سلسلہ منگل تک جاری رہ سکتا ہے ۔
ہفتہ کو دن بھر مطلع ابر آلو رہا اور بعد سہ پہر بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے جاری رہا ۔ کچھ علاقوں میں بارشوں کے ساتھ ساتھ ہوائیں بھی چلتی رہیں ۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں منگل تک بڑے پیمانے پر سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔اس دوران مرکز کے زیر انتظام علاقے کے اونچے علاقوں میں بھی برف باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ ۲۴گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے جبکہ اگلے دو روز کے دوران بڑے پیمانے پر ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ ۱۵؍اپریل کی شام سے۱۶؍اپریل کی صبح کے دوران کئی مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری کے ساتھ جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔محکمہ کے مطابق۱۷سے ۱۸؍اپریل کے درمیان چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
۱۹سے۲۰؍ اپریل کے دوران کئی مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری کے ساتھ جزوی طور پر ابر آلود دنوں کا امکان ہے۔موسم کی پیش گوئی سے جموں و کشمیر کے اونچے علاقوں پر ٹریفک میں خلل پڑنے کا امکان ہے اور لینڈ سلائیڈنگ ، مٹی کے تودے گرنے اور پتھر گرنے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ۱۳ سے۱۴؍ اپریل کے دوران کچھ اونچی جگہوں پر زمینی نقل و حمل میں عارضی خلل پڑنے کا امکان ہے اور مسافروں اور سیاحوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اس کے مطابق منصوبہ بندی کریں۔
اس نے کسانوں کو ۱۳/۱۴؍اپریل تک زرعی کام معطل کرنے کے لئے بھی کہا ہے۔
دریں اثنا جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کے دوران سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۱۰ ڈگری سیلسیس ، گلمرگ میں۶ء۲‘ پہلگام میں۲ء۳ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
جموں شہر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت۵ء۲۰‘ کٹرا میں۱ء۱۸‘ بٹوٹ میں۳، بھدرواہ میں۹ اور بانہال میں۸ء۹ریکارڈ کیا گیا۔