سرینگر/۹؍اپریل
مفتی اعظم ناصر الاسلام نے کہا کہ جموں وکشمیر میں شوال المکرم کا چاند نظر آیا ہے لہذا بدھ کے روز عیدالفطر منائی جائے گی۔
ملک کے دوسرے حصوں میں جمعرات کو عید الفطر منائی جائیگی ۔
اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر کے مفتی اعظم نا صر الاسلام کا کہنا ہے کہ یونین ٹریٹری میں بدھ کے رو ز عید الفطر منائی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے مختلف حصوں سے شوال کا چاند نظر آنے کے کافی شواہد موصول ہوئے ہیں۔
اسلام نے کہاکہ رویت ہلال کمیٹی جس میں میر واعظ مولوی عمر فاروق، مولانا رحمت اللہ قاسمی ، مولانا عبدالطیف الکندی، غلام رسول حامی اور جموں و چناب ویلی کے علمائے کرائم پر مشتمل مشاورتی کمیٹی کے ممبران شامل ہیں نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ جموں وکشمیر میں عید الفطر بدھ کے روز منائی جائے گی۔
مفتی اعظم نے امت مسلمہ بالخصوص جموں و کشمیر کے عوام کو عید کی مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے کہا’یہ عید ہم سے کے لئے امن اور خوشی کی نوید لے کر آئے‘۔
ادھر لداخ کے دونوں اضلاع‘ کرگل اور لہیہ میں بھی کل عید الفطر منانے کا اعلان کیا گیا ہے ۔
دوسری جانب ملک کی مختلف رویت ہلال کمیٹیو ں کے ذریعہ چاند دیکھنے کا آج اہتمام کیا گیا لیکن مطلع صاف ہونے کے باوجود کہیں سے بھی رویت کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے لہذا کل یعنی ۱۰؍اپریل کو۳۰واں روزہ ہوگا اور عیدا لفطر ۱۱؍اپریل بروز جمعرات منائی جائے گی۔
دارالعلوم دیوبند کی رویت ہلال کمیٹی، امارت شرعیہ ہند نئی دہلی، امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ، مرکزی چاند کمیٹی لکھنؤ، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرناٹک اور دیگر ہلال کمیٹیوں نے رویت ہلال کے عدم رویت کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ کل یعنی ۱۰؍اپریل بروز بدھ کو ۳۰واں روزہ ہوگا اور عیدالفطرکی نماز ۱۱؍اپریل کو ادا کی جائے گی۔
دارالعلوم دیوبند کی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر کہیں چاند نظر نہیں آیا لہذا کل یعنی ۱۰؍اپریل بروز بدھ ۳۰واں روزہ ہوگا اور عیدالفطر ۱۱؍اپریل کو منائی جائے گی۔
امارت شرعیہ رویت ہلال کمیٹی کی طرف چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا مکر کہیں سے بھی رویت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
مفتی ذکاوت حسین قاسمی کی صدارت منعقدہ میں فیصلہ کیا گیا کہ عیدا لفطرکی نماز۱۱؍اپریل کو ادا کی جائے گی۔اسی طرح امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ،جھارکھنڈ کے مفتی انظار عالم قاسمی نے عدم رویت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل یعنی ۱۰؍اپریل بروز بدھ کو۳۰واں روزہ ہوگا اور عیدالفطر ۱۱؍اپریل کو منائی جائے گی۔
اسی طرح مرکزی چاند کمیٹی کے مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے بھی عدم رویت کا اعلان کیا۔ اسی طرح کرناٹک کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے بھی چاند نہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کل یعنی بدھ کو۳۰واں روزہ ہوگا۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی جامع مسجد ممبئی نے بھی چاند نہ دیکھے جانے کا اعلان کیا ہے ۔