سرینگر//
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں ۱۰ ؍اپریل تک موسم خشک و خوشگوار رہ سکتا ہے اور کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس دوران اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں کام کر سکتے ہیں۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں۱۰؍اپریل تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد میں۱۱؍اور۱۲؍اپریل کہیں کہیں رات کو ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں۱۳سے۱۵اپریل کو کئی مقامات پر رک رک کر بارشوں کا امکان ہے ۔
محکمے نے کسانوں سے کہا ہے کہ وہ۱۰؍اپریل تک کھیت کھلیانوں اور باغوں میں آپریشنز چلا سکتے ہیں۔دریں اثنا وادی میں گلمرگ کو چھوڑ کر شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر گراوٹ درج ہوئی ہے ۔
سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۴ء۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت۰ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۰ئء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۹ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۷ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
شمالی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت۷ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۴ء۵ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت۵ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۴ء۶ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
ادھر وادی میں ہفتے کو صبح سے ہی دھوپ چھائی رہی اور کسانوں کو اپنے اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں مختلف کاموں میں مصروف دیکھا گیا۔