تہران//
ایران نے امریکا کو متنبّہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک طرف ہوجائے کیونکہ وہ اسرائیل کو جواب دینے کی تیاری کر رہا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ایران نے ایک تحریری پیغام میں امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے جال میں نہ پھنسے۔
ایرانی صدر کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف برائے سیاسی امور محمد جمشیدی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ امریکہ کو ایک طرف ہٹ جانا چاہیے تاکہ آپ کو نقصان نہ پہنچے۔
محمد جمشیدی کا کہنا ہے کہ جواب میں امریکا نے ایران سے کہا کہ وہ امریکی اہداف کو نشانہ نہ بنائے۔
دوسری جانب ایرانی عہدیدار محمد جمشیدی کے بیان پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پیغام ملا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کو خبردار کردیا ہے دمشق حملے کو امریکی اہلکاروں اور تنصیبات پر بطور حملے کے بہانے استعمال نہ کرے۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکا ہائی الرٹ ہے اور خطے میں اسرائیل یا امریکی اہداف کے خلاف ایران کے اہم ردعمل کی تیاری کر رہا ہے۔