سرینگر//
وادی کشمیر میں امسال سالانہ شری امر ناتھ جی یاترا۲۹جون سے شروع ہونے کا امکان ہے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، جو شری امرناتھ شرائن بورڈ کے چیئر مین بھی ہیں، نے یہاں راج بھون میں اس یاترا کی تیاریوں اور انتظامات کے بارے میں تبادلہ خیال کرنے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔
ذرائع نے کہا کہ۵۲دنوں پر محیط یہ یاترا ۱۹ اگست کو رکھشا بندھن کے مقدس موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔
ذرائع نے بتایا کہ لوک سبھا انتخابات اختتام پذیر ہونے کے بعد انتظامیہ شری امرناتھ یاترا کی تیاریوں میں جٹ جائے گی جو امکانی طور پر۲۹جون سے شروع ہو کر۱۹؍اگست کو پایہ تکیمل کو پہنچے گی۔
ذرائع نے کہا کہ انتظامیہ کی طرف سے یاترا شروع ہونے کے باقاعدہ اعلان کے بعد یاترا کے لئے اگلے ماہ کے اواخر میں مختلف بینکوں میں رجسٹریشن شروع ہونے کی توقع ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ سال گذشتہ قریب ساڑھے چار لاکھ یاتریوں نے شری امرناتھ جی کی یاترا کی تھی۔