سرینگر/۲۱فروری
وادی کشمیر کا ملک کے باقی حصوں کے ساتھ زمینی رابطہ بدھ کے روز بھی مسلسل منقطع ہے ۔
حکام کے مطابق جہاں وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر، جموں قومی شاہراہ بند ہے وہیں تاریخی مغل روڈ اور سرینگر، لیہہ شاہراہ پر بھی ٹریفک کی نقل و حمل معطل ہے ۔
جموں و کشمیر ٹریفک پولیس کے مطابق کئی مقامات پر مٹی کے تودے اور چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل بند ہے ۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ برف ہٹانے سے قبل قومی شاہراہ پر سفر کرنے سے احتراز کریں اور سڑک کے بارے میں متعلقہ ٹریفک کنٹرول یونٹوں کے ساتھ رابطہ کریں۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر گذشتہ کئی روز سے ٹریفک بند ہے جبکہ سرینگر، لیہہ شاہراہ پر بھی برف جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل بند ہے ۔
علاوہ ازیں بھدر واہ، چمبا روڈ اور کشتواڑ، سنتھن، اننت ناگ روڈ بھی ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند ہے۔