سرینگر///
منیجنگ ڈائریکٹرکشمیر پاور ڈِسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) مسرت اسلام نے آج کہا کہ کے پی ڈی سی ایل کے فرنٹ لائن ورکرز برف باری کے بعد بحالی کے کاموں میں پوری طرح سے مستعد ہیںحالاںکہ شدید برف باری کی وجہ سے بالخصوص شمالی کشمیر کے اَضلاع اور جنوبی کشمیر کے کچھ حصوں میں خلل پڑا ہے۔
اسلام نے آج سہ پہر پریس کو جاری کردہ ایک بیان کہا کہ۱۲۰/۳۳کے وی فیڈروںمیں سے صرف پانچ میں خرابی ہے جبکہ۱۱ کے وی فیڈروں جن کی تعداد۱۱۱۸ ہیں میں سے ۷۶ڈائون ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکٹرک ڈویژن ہندواڑہ، بارہمولہ اور کپواڑہ کے کچھ حصوں میں شدید برفباری کی وجہ سے بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کی بھی اِطلاع ملی ہے۔
ایم ڈی کے پی ڈی سی ایل نے کہا کہ شمالی کشمیر کے کپواڑہ اور بارہمولہ اَضلاع سے۳۳کے وِی کے پانچ فیڈروںمیں خرابی کی اطلاع ملی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ فالٹ کے تحت فیڈروں کو بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں لیکن اِس کے لئے بالخصوس اِن اَضلاع میں سڑک رابطے کی ضرورت ہوگی جہاں برف باری کی وجہ سے بالائی علاقے منقطع ہوگئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ۳۳ کے وِی گریز لائن کو جزوی طور پر چارج کیا گیا ہے جب کہ۳۳ کے وِی ٹیپ لائن کیرن،مژھل اور ٹنگڈار میں خراب ہے۔ اِسی طرح۳۳کے وِی وانپوہ۔قاضی گنڈ لائن کو بھی جزوی طور پر چارج کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ۱۱ کے وی زمرہ میںبارہمولہ اور کپواڑہ اَضلاع میں۷۶ میں سے۳۹ فیڈر خرابی کی زد میں ہیں جب کہ بڈگام میں ۱۲، شوپیاں پلوامہ میں۸فیڈرز فالٹ کے تحت ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سری نگر اور اننت ناگ۔پلوامہ اَضلاع میں ۵ فیڈر ز میں خرابی ہے۔
اسلام نے مزید بتایا کہ دارالخلافہ سرینگر کے تمام فیڈرز کام کر رہے ہیں جبکہ گاندربل، اَننت ناگ، پلوامہ، بڈگام اور شوپیاں جیسے دیگر اَضلاع میں ۱۱کے وِی فیڈروں میں سے زیادہ تر کام کر رہے ہیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر کے پی ڈی سی ایل نے او اینڈ ایم سرکلوں کے ایس اِیز اور تمام الیکٹرک اور ایس ٹی ڈی ڈویژنوں کے ایگزیکٹو اِنجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ شدید برفباری کے بعد بحالی کے اَقدامات کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔ اُنہوں نے سب ڈویژنل اَفسران پر بھی زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ فیلڈ ورکرز بجلی کی فراہمی کو بحال کرتے ہوئے ہیلمٹ، دَستانے، ہارنس بیلٹ جیسے حفاظتی آلات (پی پی اِی) کا اِستعمال کرتے ہوئے تمام حفاظتی اَقدامات کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اِس وقت سری نگر، گاندربل، سوپور، بیجی بہاڑہ میں سب ٹرانسمیشن ڈویژن کے تمام ایگزیکٹو اِنجینئران پورے صوبہ کشمیرمیں ریسونگ سٹیشنوں کی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
اسلام نے صارفین پر زور دیا کہ وہ کے پی ڈی سی ایل کے آفیشل میڈیا ہینڈلز کی پیروی کریں تاکہ اس وقت جاری بحالی کے کاموں کے بارے میں باقاعدگی سے اَپ ڈیٹ حاصل کرسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ اعداد و شمار شام کو اَپ ڈیٹ کئے جائیں گے۔