سرینگر//
گرمائی دارلحکومت سرینگر اور وادی کشمیر کے دوسرے میدانی علاقوں میں رواں سیزن کی پہلی برف باری ہوئی جس سے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
وادی کے میدانی علاقوں میں بدھ کی شام بارشوں کے ساتھ برف باری شروع ہوئی جو جمعرات کی صبح تک جاری رہی اور جب سرینگر اور دوسرے میدانی علاقوں میں لوگ صبح کے وقت گھروں سے باہر نکلے تو برف کی چادر بچھی ہوئی تھی۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سرینگر میں ۲؍انچ برف جمع ہوئی ہے جبکہ قصبہ اننت ناگ میں۴؍انچ، قاضی گنڈ میں۹؍انچ، پہلگام میں۱۰؍انچ، قصبہ پلوامہ میں۲؍انچ، قصبہ کولگام میں۳؍انچ، قصبہ شوپیاں میں۴؍انچ، قصبہ بارہمولہ میں۳؍انچ، قصبہ کپوارہ میں۴؍انچ اورگلمرگ میں ۱۴؍انچ برف جمع ہوئی ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی کے پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری ہوئی ہے ۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ سرینگر میں رواں سیزن کی پہلی برف باری ہے گرچہ قبل ازیں سری نگر میں ہلکی بارشیں ہوئیں۔
سرینگر اور دیگر اضلاع کے میدانی علاقوں میں برف باری سے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے خاص طور پر کسانوں کی جان میں جان آگئی ہے ۔
اعجاز احمد نامی ایک باغ مالک نے بتایا’’یہ برف باری نہیں بلکہ ہماری زندگی ہے ، ہمارے باغ زندہ ہوئے ہیں اور یہ ہمارے لئے باعث خوشی ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں برف باری نہیں ہوگی تو اس کے کئی شعبوں پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
احمد کا کہنا تھا کہ کشمیر برف باری کے لئے بھی دنیا میں اپنی منفرد شناخت رکھتی ہے اور برف باری سے اس کی خوبصورتی مزید نکھرتی ہے ۔
سرینگر کے فیاض احمد نامی ایک شہری نے بتایا’’بالآخر لوگوں کی دعائیں اور نمازیں رنگ لائیں اور برف باری ہوئی جس سے ہر سو خوشی کا ماحول چھا گیا‘‘۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں برف باری کے بغیر کشمیر میں مزہ ی کیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اب پانی کی قلت بھی دور ہوگی اور ہمارے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کا رش بھی بڑھ جائے گا جس سے مختلف شعبہ ہائے حیات سے وابستہ لوگوں کا روز گار بڑھ جائے گا۔
وادی میں رواں سیزن کا ٹھٹھرتی سردیوں کے لئے مشہور چالیس روزہ چلہ کلان کا بیشتر حصہ خشک رہا گرچہ اس کے آخری ایام کے دوران پہاڑی علاقوں میں برف باری ہوئی تاہم میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہی ہوئیں۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں جمعرات کو دوپہر کے بعد موسم میں بتدیرج بہتری واقع ہوگی تاہم اس دوران موسم ابر آلود رہے گا اور پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا بھی امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ وادی میں۲فروری کو موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا تاہم پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں۳؍اور۴فروری کو بھی پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری کا امکان ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ وادی میں۵سے۱۲فروری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے ۔ادھر سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت۲ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارد کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۲ء۲ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۶ء۷ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی۰ء۳ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے ایک اور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۱ء۴ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۱ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۷ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۳ء۱ڈگری سینٹی گریڈ ریکارد ہوا تھا۔
قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۴ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت۴ء۰ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔