سرینگر/۳جنوری
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے ہادی گام علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان تصادم آرائی شروع ہوئی ہے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے ہادی گام علاقے میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے بدھ کی شام گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر چھپے بیٹھے ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی شروع کی جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔
ان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ہادی گام علاقے کے اردگرد گاوں میں چار دائروں والی سیکورٹی تعینات کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
کشمیر زون پولیس نے ’ایکس‘پر ایک پوسٹ کے ذریعے جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا”کولگام کے ہادی گام علاقے میں انکاونٹر شروع ہوا ہے ، پولیس اور سیکورٹی فورسز کام پر لگے ہوئے ہیں، اس سلسلے میں مزید تفصیلات کو شیئر کیا جائے گا۔“