سرینگر //
صوبائی اِنتظامیہ کشمیر نے رام باغ۔نٹی پورہ سڑک پر ٹریفک جامنگ کو کم کرنے کیلئے آج برزلہ بنڈ روڈ کو کھول دیا جس سے مسافروں کو راحت کی سانس ملی۔
اِس سلسلے میںصوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری نے برزلہ بنڈ روڈ کا کام بروقت مکمل ہونے کے بعد آج اس کا سپاٹ وِزٹ کیا اور متعلقہ حکام کو اس راستے سے وَن وے ٹریفک کا رُخ موڑنے کیلئے گرین سگنل دیا۔
بدھوری نے وعدے کے مطابق برزلہ بنڈ روڈ کی بروقت تکمیل پر متعلقہ محکموں کو مُبارک باد دی۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ وہ دیگر منصوبوں کو بھی اسی جوش اور جذبے کے ساتھ مکمل کریں تاکہ ان کی بروقت تکمیل ہوسکے۔
اِس موقعہ پر کمشنر ایس ایم سی و سی ای او ایس ایس سی ایل، چیف اِنجینئر آر اینڈ بی ، ایس ایس پی ٹریفک اور دیگر اَفسران و ملازمین بھی موجود تھے۔
اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر نے ریٹیننگ وال پر کام کا معائنہ کیا اور آر اینڈ بی حکام کو ہدایت دی کہ وہ اسے بروقت مکمل کریں جبکہ ٹریفک چلتی رہے گی۔ اُنہوں نے سڑک پر ٹریفک چلنے کے بعد پیدا ہونے والی رُکاوٹوں کوبہتر کرنے کی بھی ہدایت دی۔
بدھوری نے کہا کہ سردی کے درجہ حرارت کی وجہ سے سڑک کی بلیک ٹاپنگ ابھی نہیں کی جا سکتی۔ درجہ حرارت بہتر ہونے پر بھی ایسا ہی کیا جائے گا۔
یہ فیصلہ کیا گیا کہ مین سڑک پر ٹریفک کی روانی کو آسان بنانے کیلئے مصروف اَوقات میں ٹریفک کا رخ موڑنے کے لئے اس متبادل راستے کو اِستعمال میں لایا جائے گا۔
اِس موقعہ پر مقامی لوگوں نے بنڈ روڈ کی ترقی نٹی پورہ میں ٹریفک جامنگ کو ختم کرنے کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے پر صوبائی اِنتظامیہ کا شکریہ اَدا کیا۔