سرینگر/ یکم جنوری
معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے مہم کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک انتہائی مطلوب اور بد نام زمانہ منشیات فروش کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اس کو سینٹرل جیل کوٹ بلوال جموں میں بند رکھا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بارہمولہ میں ایک انتہائی مطلوب اور بد نام زمانہ منشیات فروش کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔انہوں نے منشیات فروش کی شناخت داﺅد احمد صوفی ولد غلام حسن صوفی ساکن سولندہ کھائی پورہ ٹنگمرگ کے بطور کی ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ منشیات فروش کے خلاف یہ کارروائی مجاز اتھارٹی سے اجازت حاصل کرنے کے بعد انجام دی گئی اور اس کو سینٹرل جیل کوٹ بلوال میں بند رکھا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس منشیات فروش کے خلاف کئی مقدمے درج ہیں اور وہ ٹنگمرگ اور ضلع کے دیگرعلاقوں میں منشیات کے کاروبار کو فروغ دینے اور مقامی نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرنے میں ملوث تھا۔انہوں نے کہا کہ کئی مقدموں میں ملوث ہونے کے باوجود وہ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آیا۔