جموں//
جموںکشمیر پولیس ، سی آرپی ایف ، فوج اور ضلعی انتظامیہ کے سینئر آفیسران نے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کی خاطر بفلیاز میں ڈیرہ کی گلی کا دورہ کیا۔
اطلاعات کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سی آر پی ایف نالین پربھات، آئی جی سی آر پی ایف سندیپ کھیروار ،ڈی آئی جی پونچھ راجوری رینج ڈاکٹر حسیب مغل، ایس ایس پی پونچھ ونے شرما اور ضلعی ترقیاتی کمشنر یاسین چودھری نے منگل کے روز ڈیرہ کی گلی کا دورہ کیا اوروہاں پر امن و قانون کی صورتحال کا جائز لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس ، فوج ، سی آر پی ایف اور ضلعی انتظامیہ سے وابستہ آفیسران کو بفلیاز میں جاری آپریشن کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پولیس ، پیرا ملٹری فورسز اور ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ بھی منعقد ہوئی جس دوران انہیں امن و قانون کو برقرار رکھنے کے حوالے سے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ۱۵کے قریب مشتبہ افراد کو پوچھ تاچھ کی خاطر حراست میں لیا ہے۔ذرائع کے مطابق فوج کو شبہ ہے کہ حملہ آوروں کی مقامی لوگوں نے مدد کی ہے جس کو مد نظر رکھتے ہوئے مشتبہ افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
دریں اثنا تین عام شہریوں کی ہلاکت کے بعد پونچھ اور راجوری میں مسلسل چوتھے روز بھی موبائیل انٹرنیٹ خدمات معطل رہنے سے طلبا اور تاجروں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں نے ضلعی انتظامیہ سے موبائیل انٹرنیٹ خدمات کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔