سرینگر/۶۱دسمبر(ویب ڈیسک)
مرکزی وزیر داخلہ‘ امت شاہ نے ایودھیا رام مندر، چندریان۳ کی چاند پر کامیاب لینڈنگ، آرٹیکل 370 کی منسوخی وغیرہ کا سہرا پی ایم نریندر مودی کو دیا ہے۔
ہفتہ کو گجرات کے سانند میں وکشت بھارت سنکلپ یاترا کے دوران مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 2002 میں گجرات میں فسادیوں کو ایسا سبق سکھایا جب وہ وزیر اعلیٰ تھے کہ آج تک کسی نے ریاست میں ایک بار پھر فساد برپا کرنے کی ہمت نہیں کی۔
شاہ نے آرٹیکل 370 کو ’ایک ہی لمحے میں‘ منسوخ کرنے اور بھگوان رام کےلئے ایک مندر بنانے کا سہرا بھی پی ایم مودی کو دیا، جو بصورت دیگر’خیمہ‘ میں رکھا ہوا تھا۔
وزیر داخلہ نے کہا”2002 میں، فسادات ہوئے اور اس کے بعد مودی صاحب نے سبق سکھایا کہ اس فعل کو نہ دہرایا جائے۔ کیا اس کے بعد فسادات ہوئے؟ فسادیوں کو 2002 میں ایسا سبق سکھایا گیا تھا کہ آج تک کوئی گجرات میں فسادات کرانے کی ہمت نہیں کرتا“۔
پاکستان کو سبق سکھانے، ایودھیا رام مندر، اس سال چاند پر چندریان 3 کی کامیاب لینڈنگ اور آرٹیکل 370 کی منسوخی کے لیے پی ایم مودی کی تعریف کرتے ہوئے، شاہ نے مزید کہا”پہلے، ہر روز، ہمارے پاس بم دھماکے ہوتے، پرنٹ صحافی پرنٹ کرنا بھول جاتے تھے، اتنے دھماکے ہوتھے جن کا کوئی خاتمہ نہیں تھا۔ لیکن ایک بار سرجیکل اور فضائی حملے کے ذریعے، ہم نے پاکستان کو سبق سکھایا….نریندر بھائی نے ملک کو محفوظ بنا دیا ہے“۔
شاہ کاکہنا تھا”کشمیر میں سردار پٹیل، شیاما پرساد مکھرجی کا آرٹیکل 370 ہٹانے کا خواب مودی صاحب نے پل بھر میں پورا کر دیا….500 سال سے ہمارے اپنے ملک کے بھگوان رام خیمے میں رہ رہے تھے، مندر نہیں بن سکا۔ نریندر بھائی نے مندر بنانے کا کام مکمل کیا۔ پوری دنیا چاند پر پہنچ گئی لیکن ہمارا جھنڈا نہ پہنچ سکا۔ نریندر بھائی نے چندریان کو چاند پر بھیجا اور شیو شکتی پوائنٹ پر ہمارا ترنگا اونچا اڑایا۔ انہوں نے ایسا کام کیا ہے کہ ملک کی معیشت میں پچھلے 75 سالوں میں تمام پیرامیٹرز اپنی بہترین کارکردگی پر رہے ہیں۔ اگر کوئی 10 سال کا وقفہ لیتا ہے تو نریندر بھائی کے دور میں صنعتی ترقی سب سے زیادہ ہوئی ہے“۔
یہ بتاتے ہوئے کہ ”یہ وقت ہے کہ بھگت سنگھ، خودی رام بوس، رانی لکشمی بائی جیسے شہیدوں کے خواب کو پورا کیا جائے، جنہوں نے ہندوستان کو دنیا میں نمبر ایک بنانے کے لیے ہماری آزادی کے لیے جدوجہد کی“ شاہ نے نوجوانوں سے اس کے لیے کام کرنے کی اپیل کی۔