کوئنس ٹاؤن// نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم نے بیٹس 108 رنز کی سنچری اور بیزوئیڈین ہاؤٹ 86 رنز، کیر 83 رنز، ڈیوائن 70 رنز کی نصف سنچریوں کی بدولت پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 131 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی۔
نیوزی لینڈ کی سلامی بلے بازوں سوزی بیٹس اور برناڈائن بیزوئیڈین ہاؤٹ نے پہلے پاور پلے میں 51 رنز بنا کر اچھی شروعات کی۔ بیزوئیڈین ہاؤٹ نے 18ویں اوور میں 50 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی جب کہ بیٹس نے 22ویں اوور میں 57 گیندوں میں اپنی نصف سنچری بنائی۔ امیلیا کیر نے بیٹس کے ساتھ عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے رنوں کی رفتار کو برقرار رکھا۔ بیٹس نے 38ویں اوور میں چوکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی۔ تاہم انہیں اگلے اوور میں ام ہانی نے 108 کے اسکور پرانہیں آؤٹ کردیا۔ 44ویں اوور میں ڈار چہرے پر گیند لگنے سے زخمی ہو گئیں۔ نیوزی لینڈ میں خواتین کے ون ڈے میچ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی ٹیم کی ٹاپ چار بلے بازوں میں سے سب نے 70 یا اس سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں پر 365 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔
366 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے بھی ٹھوس آغاز کیا، نویں اوور میں امین اور منیبہ علی نے 50 رنز کی شراکت قائم کی۔ امین نے 14ویں اوور میں 51 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ڈیوائن کو 19ویں اوور میں کامیابی ملی، انہوں نے منیبہ کو 44 رنز پر آؤٹ کرکے پویلین واپس بھیج دیا۔ اس کے بعد فرین جوناس نے ڈار کی جگہ بلے بازی کے لیے آنے والی صدف شمس کو 10 رنز پر آؤٹ کردیا۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کے باؤلرز نے پاکستان کی رفتار کو کافی کم کر دیا۔ تاہم اس دوران امین نے اس فارمیٹ میں اپنی چوتھی سنچری بنائی اوروہ 105 رن بناکر آوٹ ہوئیں۔ آخری اوورز میں پاکستان نے 41 رنز پر چھ وکٹیں گنوا دیں اور پوری ٹیم 234 رنز پر سمٹ گئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کیر نے 44 رنز پرتین وکٹیں حاصل کیں۔