للت پور:// اترپردیش کے ضلع للت پور میں سی بی آئی افسر بن کر چوری ۔دھوکہ دھڑی کرنے والے 50ہزار روپئے کے انعامی ملزم کو پولیس نے پیر کو گرفتار کیا ہے ۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس محمد مشتاق نے بتایا کہ مخبر کی اطلاع پر کوتوالی صدر کے تحت نیشنل ہائی وے پر ایک مشتبہ شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے اپنا نام عباس عرف عباسی عرف عباس رضا جعفری بتایا ۔ گرفتار بدمعاش نے بتایا کہ اس کا ایک منظم گروہ ہے اور وہ لوگ ہندوستان کے الگ لاگ ریاستوں میں جاکر پولیس و سی بی آئی بن کر لوگوں کو ٹھگتے ہیں ان لوگوں کو ایرانی گینگ کے نام سے جانا جاتا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ جھانسی باشندہ راجندر پرساد یہاں دوکانداروں سے پیمنٹ کلکشن کرنے گذشتہ 29اگست کو آیا تھا۔ اس کے بیگ میں کلکشن کئے ہوئے 56 ہزار روپئے تھے ۔ اس درمیان جگدیش مارکیٹ میں دو لوگ پیچھے سے آئے اور خود کو سی بی آئی افسر بتاتے ہوئے اس کا بیگ چیک کرنے لگے اور 56ہزار روپئے لے کر فرار ہوگئے ۔
واقعہ کی اطلاع کی بنیاد پر صدر کوتوالی میں دفعات379،420 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ واقعہ کا جلد از جلد انکشاف کے لئے ایس او جی سرویلانس ٹیموں سمیت صدر کوتوالی و ضلع کے دیگر چوکی علاقے کے انچارجوں کو لگایا گیا تھا۔ ملزم کی گرفتاری کے لئے 50ہزار روپئے کے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔ گرفتار ملزم کو آج عدالت میں پیش کیا گیا۔ جہاں سے اسے جیل بھیج دیا گیا۔